ترکی کا مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مکمل حمایت


ترکی کا مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مکمل حمایت

ترک وزیر اعظم نے وزیر دفاع پاکستان سے ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر پر اظہار یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے میں انقرہ ہمیشہ کی طرح اسلام آباد کی حمایت جاری رکھے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، ترکی نے کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے پر زور دیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق، وزیر دفاع خواجہ آصف نے استنبول میں ہونے والے ورلڈ انرجی کونسل(ڈبلیو ای سی) کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی ہی اور اس موقع پر ترک وزیراعظم بن علی یلدرم سے ملاقات کی۔

وزیر دفاع نے ترک وزیر اعظم کو کشمیر میں انڈین فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور ترک وزیر اعظم نے اس معاملے پر پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

وزیر دفاع نے ڈبلیو ای سی اجلاس کے موقع پر ترک صدر طیب اردگان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

علاوہ ازیں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے وزیر اعظم کے نامزدہ کردہ خصوصی نمائندے محمد پرویز ملک اور محسن شاہ نواز رانجھا نے بھی ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر اسماعیل کھرمان سے ملاقات کی اور انہیں کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کیا۔

خصوصی نمائندوں نے نے اسماعیل کھرمان کو خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور کنٹرول لائن پر کشیدگی سے بھی آگاہ کیا۔

اسماعیل کھرمان نے اس موقع پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں کشمیر کے مسئلے کے بات چیت کے ذریعے حل کے لیے ترکی کی جانب سے پاکستانی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

پاکستانی نمائدگان نے پاکستان ترکی پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین سے بھی ملاقات کی اور ترکی کے معروف ذرائع ابلاغ سے بھی بات چیت کی۔

ترک حکام نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کشمیری عوام کے مقاصد کے حصول میں تعاون کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ رواں برس اگست میں وزیر اعظم نواز شریف نے کشمیر میں ہندوستانی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے اہم ممالک میں اجاگر کرنے کے لیے 20ارکان پارلیمنٹ کو خصوصی نمائندوں کے طور پر نامزد کیا تھا۔

انہوں نے خصوصی نمائندوں پر زور دیا تھا کہ وہ دنیا بھر میں کشمیر کے نصب العین کو اجاگر کرنے کی کوششیں یقینی بنائیں، تاکہ وہ ستمبر میں اقوام متحدہ میں اپنے خطاب کے دوران اس حوالے سے عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر کو جھنجوڑ سکیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری