دنیا بھر میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے


دنیا بھر میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

باطل کے سامنے ڈٹ کر راہ خدا میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے نواسہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا یوم شہادت دنیا بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، 10 محرم الحرام 61 ہجری کو حضرت امام حسین علیہ السلام نے میدان کربلا میں اپنے خاندان اور اصحاب سمیت جان قربان کر کے انسانیت کو رہتی دنیا تک کے لئے باطل کے سامنے سر نہ جھکانے کا سبق دیا ہے۔

حضرت امام حسین علیہ السلام نے بھوک پیاس کی اذیت برداشت کی، کربلا کے تپتے ہوئے صحرا میں ذبح ہونا گوارہ کیا مگر یزید جیسے ظالم اور فاجر کے سامنے اپنا سر نہیں جھکایا۔

 

سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کی اسی قربانی کو یاد کرتے دنیا بھر کے مسلمان ماہ محرم میں عزاداری کا اہتمام کرتے ہیں۔

آج بھی ہر سال کی طرح کربلا کے مسافروں کی یاد میں دنیا بھر میں لاکھوں مقامات پر چھوٹے بڑے پیمانے پر عزاداری کی جا رہی ہے۔

یوم عاشور کے موقع پر  پر شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مجالس برپا ہوتی ہیں جن میں علماء کرام شہداے کربلا کی عظیم قربانیوں اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالتے ہیں۔

اس موقع پر گلی گلی میں حسینی پرچم نصب کئے جاتے ہیں اور کربلا والوں کی پیاس کو یاد کرتے ہوئے سبیلوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

حضرت امام حسین علیہ السلام نے راہ خدا میں جو قربانی دی وہ آج بھی زندہ ہے اور دنیا بھر کے مسلمان عصر حشر تک عصر عاشور کی یاد اسی مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے مناتے رہیں گے۔

موت کے سیلاب میں ہر خشک و تر بہہ جائے گا
ہاں مگر نام حسین ابن علی (علیہ السلام) رہ جائے گا

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری