پاکستان سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ملک ہے/ سب سے زیادہ سرمایہ کاری امریکہ سے آتی ہے


پاکستان سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ملک ہے/ سب سے زیادہ سرمایہ کاری امریکہ سے آتی ہے

امریکی قونصل جنرل نے ایسی حالت میں اپنے ملک کو پاکستان میں سب سے بڑا سرمایہ کار قرار دیا ہے کہ چین نے پاکستان میں صرف ایک منصوبے میں 46 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے ایک پرکشش ملک قرار دیا ہے۔

امریکی قونصل جنرل نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز ہے اور امریکہ بھی پاکستان کی معاشی بحالی اور نجی شعبے کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔

پاکستان سٹاک ایکس چینج کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

امریکی سفارتکار کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کی بحالی اور کاروباری طبقے کی ترقی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ بیرونی سرمایہ کاری امریکہ سے آتی ہے۔

مستقبل میں انہوں نے دو طرفہ تجارتی تعلقات کے مزید مضبوط ہونے کی امید کا بھی اظہار کیا۔

گریس شیلٹن نے مزید کہا کہ پاکستان سٹاک ایکس چینج مارکیٹ کا ایمرجنگ مارکیٹ بننا خوش آئند ہے۔

ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا  کہنا تھا کہ 2015 میں دو طرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی مصنوعات کا سب سے بڑا خریدار امریکہ ہے۔ پاکستان سے سب سے زیادہ برآمدات امریکہ کو جاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات ہمیشہ سے مضبوط رہی ہیں اور آنے والے وقت میں ان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سٹاک ایکس چینج کے دورے کے موقع پرکیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پچھلے چند عشروں کے دوران امریکہ کی جانب سے پاکستان میں 40 ارب امریکی ڈالر کی بھی سرمایہ کاری نہیں ہوئی جبکہ چین کی طرف سے صرف پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی مد میں 46 ارب امریکی ڈالر دئیے گئے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری