پاکستان میں جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم ہے، چیف جسٹس


پاکستان میں جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم ہے، چیف جسٹس

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے ہیں کہ عوام سے جمہوریت کے نام پر مذاق ہورہا ہے اور ملک میں جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان میں گڈ گورننس کے نام پر بیڈ گورننس جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز نے اطلاع دی ہے کہ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف پنجاب حکومت کی درخواست کی سماعت کی۔

کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم ہے  اور جمہوریت کے نام پر عوام کے ساتھ مذاق ہورہا ہے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ اپنا نمائندہ منتخب کرتے ہوئے ووٹ کا حق احتیاط سے استعمال کریں۔

چیف جسٹس نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے نام پر تاریخی ورثوں کو مٹایا جا رہا ہے۔ سوال قومی تاریخی ورثے کے تحفظ کا ہے جو ہماری شناخت ہیں۔

انہوں نے یہاں تک کہا کہ عوام نے اگر ایسے ہی لوگوں کو ووٹ دیئے تو پھر ایسا ہی ہوگا۔

فاضل عدالت نے فریقین سے منصوبے سے متعلق معاونت کے لیے 3 ٹیکنیکل ماہرین کے نام مانگ لئے ہیں۔

کیس کی اگلی سماعت کل بروز جمعہ ہوگی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری