ڈیرہ غازی خان میں داعش کے 8 دہشتگرد ہلاک، 3 فرار


ڈیرہ غازی خان میں داعش کے 8 دہشتگرد ہلاک، 3 فرار

ڈیرہ غازی خان میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران داعش کے 8 دہشت گرد ہلاک جب کہ 3 فرار ہوگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، محکمہ انسداد دہشتگردی نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ان کی کمین گاہ پر چھاپہ مارا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملتان محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کو ڈیرہ غازی خان کے علاقے سخی سرور روڈ پر دہشت گردوں کی موجودگی کی خبر ملی تھی۔

جب اہلکار مذکورہ علاقے میں پہنچے تو ناگہاں وہاں موجود دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی جس کے بعد دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔

سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ ان کے 3 ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں نے یوم عاشور پر شجاع آباد اور ملتان میں دہشت گردی کا منصوبہ بنایا تھا تاہم حساس اداروں کی رپورٹ پر جب سیکیورٹی ایجنسیز نے ان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے اپنا مقام تبدیل کرلیا اور ڈی جی خان منتقل ہوگئے۔

دہشت گردوں نے ڈیرہ غازی خان میں ایٹمی تنصیبات، کینٹ ایریا، رینجرز ہیڈ کوارٹرز اور پولیس کے دفاتر کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنارکھا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے جو علاقے میں اپنا نیٹ ورک قائم کرنا چاہتے تھے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے ہینڈ گرینیڈ اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا ہے جب کہ ان کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے تلاش جارہی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری