10 خطرناک دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق


10 خطرناک دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق

فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے 10 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، آرمی چیف نے سزائے موت پانے والے 10 دہشتگردوں کی سزا کی توثیق کر دی ہے۔

ریڈیو پاکستان نے خبر دی ہے کہ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ افراد دہشت گردی سے متعلق گھنائونے جرائم میں ملوث تھے۔

سزائے موت پانے والے دہشتگردوں کے ہاتھ بے گناہ شہریوں، پولیو کے کارکنوں، غیرسرکاری تنظیموں کے ملازمین، پولیس اور مسلح افواج کے اہلکاروں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ گرفتاری کے موقع پر مذکورہ دہشت گردوں کے قبضے سے خطرناک اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔

ان دہشت گردوں پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلانے کے بعد سزائے موت کا حکم سنایا گیا تھا تاہم جنرل راحیل شریف نے ان کی سزا کی توثیق کر دی ہے۔

روزنامہ ڈان کے مطابق، سزائے موت میں توثیق پانے والے تمام دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ دہشتگردوں میں  محمد شاہد ولد زمان خان، حسین شاہ ولد فضل ہادی، ظفر اقبال ولد محمد خان، انور زیب ولد توتکے، عبید الرحمٰن ولد فضل ہادی، شیر عالم ولد حنیف الرحمٰن، عطاء اللہ ولد محمد سلطان، مشتاق خان ولد سعید گل، اصغر خان ولد نادر اور شمس القمر ولد شاہ گلبہار شامل ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری