شیخوپورہ میں کاروائی کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک


شیخوپورہ میں کاروائی کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک

شیخوپورہ بائی پاس کے قریب رات گئے محکمہ انسداد دہشت گردی اور دہشت گردوں میں مقابلے کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، 10 دہشتگردوں میں سے مقابلے میں 6 ہلاک جبکہ 4 رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو چند دہشت گردوں کے لاہور آنے کی مخبری ہوئی تھی۔

اس مخبری کے بعد شیخوپورہ بائی پاس پر چیکنگ سخت کر دی گئی اور اس دوران پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو کارسواروں نے آتشیں اسلحے سے فائرنگ شروع کر دی۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق، دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی اور دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ قریبا ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ کار اور موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کی تعداد 10 تھی اور مقابلے کے دوران دہشت گردوں کے 4 ساتھی رات کا تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوئے۔

سی ٹی ڈی حکام نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں نے لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔

ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، رائفلیں، پستول، گولیاں اور بارودی مواد سمیت دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔

دہشت گردوں کی لاشیں، کار اور موٹرسائیکل کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے دہشت گردوں کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ چند روز میں محکمہ انسداد دہشتگردی نے کامیاب کاروائی کر کے کئی دہشتگردوں کو ٹھکانے لگا دیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری