شہید ملت لیاقت علی خان کی 65 ویں برسی/ تصویری رپورٹ


شہید ملت لیاقت علی خان کی 65 ویں برسی/ تصویری رپورٹ

پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید ملت لیاقت علی خان کی 65 ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ ملک بھر میں منائی جا رہی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید ملت لیاقت علی خان نے مشرقی پنجاب کے ضلع کرنال میں ایک امیر گھرانے میں آنکھ کھولی۔

ان کا بچپن اترپردیش میں گزرا جبکہ ایم اے او کالج علی گڑھ سے بی اے کر کے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے برطانیہ چلے گئے اور قانون کی ڈگری حاصل کی۔

برطانیہ سے واپسی پر انہوں نے معاشرتی اور اصلاحی  کاموں میں دلچسپی لینا شروع کی اور 1926ء میں اترپردیش اسمبلی کے رکن منتخب ہو گئے۔

6 سال تک اسمبلی کے نائب صدر کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے۔

 

ان دنوں وہ اترپردیش میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما تھے جبکہ قائداعظم محمد علی جناح مرکزی اسمبلی میں ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر تھے۔

اسی دوران قائداعظم مسلم لیگ کے صدر بن گئے اور لیاقت علی خان بھی مسلمانوں کے حقوق کی جنگ میں مسلم لیگ میں شامل ہو کر قائداعظم کے شانہ بشانہ کھڑے ہو گئے۔

1937ء میں لیاقت علی خان آل انڈیا مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے۔

تحریک پاکستان میں لیاقت علی خان کی انتھک محنت اور خلوص نے قائداعظم کے حوصلے کو مزید تقویت بخشی۔

قیام پاکستان کے بعد لیاقت علی خان پاکستان کے پہلے وزیراعظم منتخب ہوئے جنہیں 16 اکتوبر 1951 کو لیاقت باغ راولپنڈی میں تقریر کے دوران گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔

انھیں شہید ملت کا خطاب دیا گیا اور کراچی میں مزار قائد کے احاطے میں دفن کیا گیا۔

مختلف سیاسی رہنماؤں نے شہید ملت کی برسی کے موقع پر لیاقت علی خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری