عراقی فوج نے موصل میں داعش کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا


عراقی فوج نے موصل میں داعش کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا

عراقی فوج نے موصل کے مکینوں کو خبردار کرنے کے لئے ہوائی جہازوں سے پمفلٹ گرائے ہیں اور شہریوں سے کہا ہے کہ عنقریب داعش کے خلاف آپریشن شروع ہونے والا ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے نے پریس ٹی وی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عراقی فورسز نے موصل کے مکینوں کو خبردار کرنے کے لئے طیاروں کے ذریعے ہزاروں پمفلٹ گرائے ہیں اور کہا گیا ہے کہ عراقی فوج عنقریب داعش کے خلاف آپریشن شروع کرنے والی ہے۔

پمفلٹ میں موصل کے مکینوں کو خوشخبری دی گئی ہے کہ عنقریب عراقی فوج شیطان صفت داعش کے خلاف کارروائی کرنے والی ہے اور بہت جلد موصل کو درندہ صفت داعش کی چنگل سے آزاد کرالیا جائے گا۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ان جگہوں میں جانے سے گریز کریں جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ داعش کی نقل و حرکت کے بارے میں عراقی فورسز کو اطلاعات فراہم کی جائیں۔

موصل کے شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں ہی رہیں اور دہشت گردوں کو پناہ دینے کی کوشش نہ کریں۔

واضح رہے کہ موصل میں 5000 کے قریب مسلح داعشی عناصر موجود ہیں۔

عراقی وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا ہے کہ رواں سال کے آخر تک موصل کو دہشت گردوں کی چنگل سے آزاد کرالیا جائے گا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری