آغا راحت حسینی کی آیت اللہ محسن نجفی کی شہریت فوری بحال کرنے کا مطالبہ


آغا راحت حسینی کی آیت اللہ محسن نجفی کی شہریت فوری بحال کرنے کا مطالبہ

مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت کے پیش امام آغا سید راحت حسین الحسینی نے آیت اللہ محسن نجفی کی شہریت معطل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ان کی شہریت فوری طور پر بحال کی جائے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق،  آغا سید راحت حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ آیت اللہ محسن نجفی کا نام فورتھ شیڈول سے خارج کیا جائے۔

شیعت نیوز نے آغا سید راحت حسین کے بیان سے نقل کیا ہے کہ فورتھ شیڈول قانون کا احترام  کرنے والے پاکستانی شہریوں کے لئے نہیں بلکہ مشتبہ دہشت گردوں کے لئے ہے۔

فورتھ شیڈول میں آیت اللہ محسن نجفی کا نام ڈالنا ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ آیت اللہ محسن نجفی کا شمار پاکستان کے معتبر ترین علماء میں ہوتا ہے جنہوں نے پورے ملک میں تعلیمی اور فلاحی میدان میں ناقابل فراموش خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آیت اللہ محسن نجفی، انسانیت کی خدمت اور یتیموں کی سرپرستی کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔

حکومت کا ان کے خلاف یہ فعل پاکستان کے پرامن شیعوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی ایک دانستہ کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کی حمایت پوری قوم نے کی تھی تاکہ ملک بھر سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو لیکن آج دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو سزا دینے کی بجائے قومی ایکشن پلان کے نام پر پرامن پاکستانی شیعوں اور دہشتگرد تکفیریوں کو ایک ہی صف میں کھڑا کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی حکومت توازن کی پالیسی اپنا رہی ہے جو کہ باعث تشویش ہے۔

آغا راحت حسین الحسینی نے کہا کہ حکومت دہشتگردوں کی خواہش پر پرامن لوگوں کو تنگ کر رہی ہے جو کہ امن و امان کے خلاف سنگین سازش ہے۔ لہٰذا مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک میں دہشتگردی کرنے والوں اور انکی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور بے گناہوں کو تنگ کرنے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کا اطلاق بےگناہ شیعہ برادری اور ان کے پرامن علماء کے بجائے پاکستان کو دہشتگردی کی آگ میں دھکیلنے والے تکفیریوں پر ہونا چاہیئے۔

یاد رہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگرد یا ان کا سہولت کار ہونے کے شبہ میں نادرا نے مولانا عبدالعزیز، مولانا احمد لدھیانوی کے ساتھ ساتھ ممتاز شیعہ عالم دین آیت اللہ محسن نجفی، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی اور علامہ مقصود ڈومکی سمیت متعدد اہم مذہبی اور معتبر شخصیات کا شناختی کارڈ بلاک کر کے ان کی پاکستانی شہریت عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔

بدنام زمانہ دہشت گردوں کے ساتھ پرامن اور معزز علمائے دین کی شہریت معطل کرنا قابل حیرت ہی نہیں، قابل تشویش بھی ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری