امریکہ خود سائبر حملوں میں ملوث رہا ہے، روسی صدر


امریکہ خود سائبر حملوں میں ملوث رہا ہے، روسی صدر

روس کے صدر پیوٹن نے امریکہ کی جانب سے روس پر لگائے گئے ہیکنگ کے الزمات کو مسترد کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ امریکہ خود سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے سائبرحملوں میں ملوث رہا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، روس کے صدر پیوٹن نے خود امریکہ کو ہی سائبر حملوں میں ملوث قرار دے دیا ہے۔

بھارت کے تفریحی شہر گوا میں منعقدہ برکس کانفرنس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران روسی صدر نے امکان ظاہر کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے روس پر ہیکنگ کے الزامات صدارتی الیکشن کے لیے وائٹ ہاؤس کی انتخابی مہم کاحصہ ہوسکتے ہیں۔

پیوٹن نے امریکہ کی جانب سے ہیکنگ سے متعلق لگائے گئے الزامات کو مکمل طور پر رد کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ خود سیاسی مقاصد کے لیے سائبر حملوں میں ملوث ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں امریکہ کی جانب سے پہلی بار روس کو باضابطہ طور پر ڈیموکریٹک پارٹی کے اکاؤنٹس کی ہیکنگ کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔

صدر پیوٹن نے امید ظاہر کی کہ اگلے ماہ ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے بعد دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات میں بہتری آئے گی۔

واضح رہے کہ 8 نومبر کے بعد طرفین میں واحد فرق صدر اوبامہ کا ہوگا۔ روسی صدر کا امریکی صدارتی انتخابات کے بعد دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات میں بہتری آنے کی امید کا اظہار اپنے اندر بہت کچھ سمیٹے ہوئے ہے۔

8 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے بعد روس اور امریکہ کے تعلقات کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے، اس کا فیصلہ تو آنے والا وقت ہی کرے گا لیکن فی الحال صدر پیوٹن نے ڈھکے چھپے الفاظ میں روس اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کا ذمہ دار صدر اوبامہ کو ٹھہرا دیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری