بھارت کے نجی اسپتال میں آتشزدگی سے 22 افراد ہلاک، درجنوں زخمی/ تصویری رپورٹ


بھارت کے نجی اسپتال میں آتشزدگی سے 22 افراد ہلاک، درجنوں زخمی/ تصویری رپورٹ

بھارتی شہر بھونیشور کے سب سے بڑے نجی ہسپتال کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، کچھ افراد خوفزدہ ہو کر اسپتال کی دوسری منزل سے چھلانگ لگانے کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔

حکومت نے واقعے کی تحقیقات کر کے غفلت برتنے والے افراد کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا حکم دے دیا ۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق، پیر کے روز شام ساڑھے 7 بجے ہسپتال کی دوسری منزل پر واقع ڈائیلسز وارڈ میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس نے آنا فانا پوری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ڈائیلسز وارڈ میں آگ بھڑکنے کے وقت وہاں سات مریض موجود تھے جبکہ قریب ہی انتہائی نگہداشت وارڈ میں 11 مریض زیر علاج تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہیں فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیا ں موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے میں مشغول ہو گئیں۔ جنہوں نے کئی گھنٹے کی کارروائی کے بعد اس پر قابو پایا۔

تاہم اس دوران آگ میں جھلس کر 22 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق، چند اموات آگ کے دھوئیں سے دم گھٹنے سے بھی ہوئی ہیں۔

بھارتی اخبار دی ہندو نے دعوی کیا ہے کہ افسوسناک واقعے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

بھارتی ریاست اڑیسہ کے وزیراعلیٰ نوین پٹ نائیک نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ غفلت برتنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اڑیسہ کے وزیراعلیٰ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات سے اندازہ ہوتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تاہم پولیس آتشزدگی کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔

اسپتال کے فائر افسر، الیکٹریکل افسر اور منیجر سمیت کئی ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری