دہشت گردی کے خلاف دنیا پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے، چینی وزارت خارجہ


دہشت گردی کے خلاف دنیا پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے، چینی وزارت خارجہ

وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے برکس ممالک کے اجلاس کے دوران پاکستان کو ’دہشت گردی کا گڑھ‘ قرار دینے پر چین نے اپنے قریبی دوست پاکستان کا دفاع کیا اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کو مسترد کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان کو دہشتگردی کی فیکٹری کا نام دینے والے بھارت کا بیان رد کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین دہشتگردی کو کسی ملک سے منسلک کرنے کے خلاف ہے۔ دنیا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے۔

اے آر وائی نیوز نے اطلاع دی ہے کہ بھارتی وزیراعظم کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر چینی وزارت خارجہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بیجنگ دہشتگردی کو کسی ملک سے منسلک کرنے کے خلاف ہیں۔

ترجمان چینی وزرات خارجہ نے تمام ملکوں کی سلامتی اور استحکام کے لئے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے دہشتگردی کو ختم کرنے کے لئے بہت قربانیاں دیں ہیں۔

پاکستان کے حق میں ستائشی بیان دیتے ہوئے انہوں نے تاکید کی کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دنیا کو پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیئے۔

انھوں نے دونوں ملکوں کا پڑوسی ہونے کے ناطے  پاکستان اور بھارت کشیدگی کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی امید بھی ظاہر کی۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی نے بھارت میں منعقدہ برکس کانفرنس میں پاکستان پر دہشتگردی کا الزام عائد کیا تھا۔

جس کے ردعمل میں پاکستانی حکام کی مذمت کے ساتھ ساتھ چینی وزارت خارجہ نے بھی پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈہ کی مخالفت کی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری