آسٹریلین آرمی کرکٹ ٹیم کی پاکستان میں پریکٹس اور سہولیات کی تعریف/ تصویری رپورٹ


آسٹریلین آرمی کرکٹ ٹیم نے قزافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کی اور سہولیات کو بے حد سراہا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، پچیس رکنی آسٹریلوی آرمی کرکٹ ٹیم پاکستان آرمی کرکٹ ٹیم کے ساتھ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی خصوصی دعوت پر دوستانہ کرکٹ میچ کھیلنےکل پاکستان پہنچی اور آج صبح قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کی۔

یاد رہے کہ سات سال کا عرصہ گزر چکا ہے کہ کوئی بھی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں آئی۔ یہ دورہ پاکستان میں کرکٹ کے دوبارہ آغاز کی جانب ایک اہم  پیش رفت ہونے کے ساتھ ہی ساتھ  اس امر کا بھی برملا اظہار ہے کہ پاکستان کے اندرونی حالات تیزی سے ٹھیک ہوتے جا رہے ہیں اور بین الاقوامی طور پر انہیں با اعتماد نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔

اس اقدام کو عوامی حلقوں کی جانب سےداد و تحسین وصول ہو رہی ہے اور شائقین کرکٹ آسٹریلین کرکٹ بورڈ اور آسٹریلین آرمی کے اس اقدام پر ممنون و مشکور بھی دکھائی دیتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی ساتھ پاکستانی شائقین کرکٹ پاکستان آرمی اور بالخصوص آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی بہت خوش نظر آتے ہیں۔

اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کئے گئے ہیں اور علاقہ کی سکیورٹی پاکستان آرمی نے خود سنبھال رکھی ہے۔

آخر میں آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کی تصویری جھلکیاں ملاحظہ فرمائیں۔