را، طالبان، لشکر جھنگوی اور افغان خفیہ ایجنسی سی پیک منصوبے کے خلاف ہیں، ڈائریکٹر جنرل آئی بی


را، طالبان، لشکر جھنگوی اور افغان خفیہ ایجنسی سی پیک منصوبے کے خلاف ہیں، ڈائریکٹر جنرل آئی بی

ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو آفتاب سلطان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے بھارتی خفیہ ایجنسی (را)، لشکر جھنگوی، تحریک طالبان پاکستان اور افغان خفیہ ایجنسی (این ڈی ایس) سرگرم عمل ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، جہاں مختلف ممالک پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں وہیں را، طالبان اور لشکر جھنگوی جیسے پاکستان دشمن عناصر اس منصوبے کے سخت خلاف ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، سینیٹ کمیٹی برائے کابینہ ڈویژن کے چیئرمین طلحہ محمود کی صدارت میں ایک اہم اجلاس ہوا جس یں اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو آفتاب سلطان نے اس اجلاس میں پاکستان کو دہشتگردی کی آگ میں دھکیلنے والی ان دہشتگرد تنظیموں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے کابینہ ڈویژن کے چیئرمین طلحہ محمود نے اس دوران کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس منصوبے کو ناکام کرنیوالی تنظیموں کیخلاف انٹیلی جنس ایجنسیاں سخت اقدامات کریں اور دشمن دہشت گردوں کی میڈیا پر عام تشہیر کرکے دنیا کو اصل حقائق کے بارے میں آگاہ کریں اور پاکستان کو بدنامی سے بچایا جائے۔

ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو آفتاب سلطان نے بتایا ہے کہ سی پیک منصوبے کی سیکیورٹی کے حوالے سے پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ پر آئی بی کے دفاتر قائم کیے جائیں گے۔

آفتاب سلطان نے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے کابینہ ڈویژن میں انکشاف کیا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران انتہائی مطلوب اور خطرناک 865 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ کاروائیوں میں 171 دہشتگرد مارے گئے ہیں۔

گرفتار شدہ دہشتگردوں میں سے بیشتر بھارت کی خفیہ ایجنسی را اور افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کیلئے کام کرتے تھے۔

آفتاب سلطان نے قائمہ کمیٹی کوانٹیلی جنس بیورو کی کارکردگی، کام کے طریقہ کار، بجٹ، دہشتگردی کیخلاف کیے جانیوالے اقدامات کے معاملات پر بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور صوبہ خیبر پختونخوا کے بعد صوبہ پنجاب اور بلوچستان میں بھی آپریشن شروع کیے جا رہے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری