پاکستان سے ساڑھے 3 لاکھ افغان مہاجرین کی وطن واپسی، اقوام متحدہ کا دعویٰ


پاکستان سے ساڑھے 3 لاکھ افغان مہاجرین کی وطن واپسی، اقوام متحدہ کا دعویٰ

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ رواں سال پاکستان سے ساڑھے 3 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین وطن واپس لوٹ گئے ہیں جبکہ مزید لاکھوں کی واپسی متوقع ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، اقوام متحدہ نے پاکستان سے وطن واپس لوٹنے والے افغان پناہ گزینوں سے متعلق اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں۔

غیرملکی خبر رساں ادارے فرانسیسی پریس ایجنسی (اے ایف پی) کی رپورٹ کے مطابق، رواں ماہ کے آغاز میں اقوام متحدہ کی مہاجرین سے متعلق ادارہ (یو این ایچ سی آر) کا کہنا تھا کہ پاکستان سے واپس آنے والے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد 2 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔

او سی ایچ اے نے جاری بیان میں کہا ہے کہ اب تک وطن واپس لوٹنے والے قانونی افغان مہاجرین کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ غیر قانونی افغان مہاجرین کی تعداد 1 لاکھ 62 ہزار سے زیادہ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جولائی سے اب تک وطن واپس لوٹنے والے افغان مہاجرین کی تعداد 3 لاکھ 33 ہزار ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال کے اختتام تک مزید 4 لاکھ 46 ہزار افغان مہاجرین کے وطن لوٹنے کی توقع کی جارہی ہے، جن میں قانونی اور غیر قانونی دونوں قسم کے افغان مہاجرین شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ 2009 سے پاکستان افغان مہاجرین کی وطن واپسی پر مسلسل زور دے رہا ہے اور اس حوالے سے حکومت نےافغان مہاجرین کے پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈلائن میں کئی بار توسیع کر کے 31 مارچ 2017 کی حتمی تاریخ بھی دے رکھی ہے۔

دوسری جانب، پاکستان میں کئی دہائیوں سے آباد افغان مہاجرین اپنے ملک میں جاری خانہ جنگی کے باعث اس اُمید میں ہیں کہ ان کے ملک میں جاری کشیدگی کی وجہ سے انھیں پاکستان میں ہی رہنے کی اجازت دے دی جائے گی، تاہم پاکستان اس حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کرچکا ہے۔

پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کے لئے پاکستان چھوڑنے کی حتمی تاریخ  31 مارچ 2017 اعلان کیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری