پی ٹی آئی کے نوازے گئے مدرسے ہی پی ٹی آئی کے جلسوں میں


پی ٹی آئی کے نوازے گئے مدرسے ہی پی ٹی آئی کے جلسوں میں

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 2 نومبر کے جلسے کیلئے خیبرپختونخوا کی جانب سے نوازے گئے مدارس ہی افرادی قوت فراہم کریں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے جلسے میں ان مدارس کے لوگ شرکت کریں گے جن کی خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف مالی امداد کر چکی ہے۔

خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کے پی کے حکومت کی جانب سے جن مدارس کو فنڈز فراہم کیے گئے تھے وہ اب ان کی مدد کرنے کیلئے اپنے طلبا کو پی ٹی آئی کے جلسے میں بھیجیں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ کچھ دنوں سے افواہ گرم تھی کہ عمران خان کے جلسے میں مذہبی تنظیمیں شرکت کریں گی۔

خواجہ آصف نے جس کا کھاؤ اس کا گاؤ کے مقولے کے مطابق، بنا نام لئے اس مدرسے کی وضاحت اپنے ٹوئیٹ پیغام میں کردی ہے۔

یاد رہے کہ صوبائی حکومت نے عرصہ پہلے آئندہ مالی سال کے سالانہ بجٹ میں 30 لاکھ بچوں پر مشتمل اکوڑہ خٹک میں واقع دارالعلوم حقانیہ کی تعمیر اور بحالی کے لیے 30 کروڑ کی خطیر رقم مختص کی تھی۔

فنڈز کی تفصیلات بتاتے ہوئے صوبائی حکام کا کہنا تھا کہ مدرسے نے لاکھوں بچوں کو تعلیم فراہم کرکے صوبے کی بڑی خدمت کی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ یہ خدمت جاری رکھے۔

خیبر پختونخواہ حکومت کے اس عمل پر ملک کے سیاسی حلقوں میں خاصی لے دے ہوئی تھی۔

سابق صدر آصف زرداری نے کہا تھا کہ دارالعلوم حقانیہ طالبان دہشت گردوں کے ساتھ نزدیک روابط رکھنے کی وجہ سے ملک بھر میں مشہور ہے اس وجہ سے اس مدرسے کو مالی امداد فراہم کرنا دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کی جنگ کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔

دوسری جانب، سنی تحریک نے بھی صوبائی حکومت کی جانب سے حقانیہ مدرسے کو فنڈنگ کی شدید مخالفت کرتے ہوئے لاہور میں احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا تھا۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے خود کو احتساب کے لئے پیش کرنے کے لئے عاشورہ محرم  تک کا وقت دیا تھا جس کے بعد انھوں نے 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری