حکمراں بیرونی ایجنڈے پر ملک کو سیکولر و لبرل اسٹیٹ بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں/ تصویری رپورٹ


حکمراں بیرونی ایجنڈے پر ملک کو سیکولر و لبرل اسٹیٹ بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں/ تصویری رپورٹ

جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر نے بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے مستقبل قریب میں اہلسنت کے گرینڈ الائنس کی تشکیل کی خبر دی اور کہا کہ حکمراں بیرونی ایجنڈے پر ملک کو سیکولر و لبرل اسٹیٹ بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، گورنر سندھ کے انکشافات اعتراف جرم ہیں ہم 1985 سے راء کے دہشت گرد ٹولے کا پردہ چاک کرتے رہے ہیں اجلاس سے خطاب کے دوران جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ 12مئی، بلدیہ ٹاؤن، حکیم سعید، عظیم طارق، سانحہ نشتر پارک سمیت کراچی میں دہشت گردی اور اسلحہ کی بھاری کھیپ برآمد کرنے سمیت تمام واقعات کے پیچھے کارفرما ہاتھ بے نقاب ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کے انکشافات اعتراف جرم ہیں ہم 1985 سے راء کے دہشت گرد ٹولے کا پردہ چاک کرتے رہے ہیں اب خود ہی بشرا زیدی کیس سے لیکر امجد فرید صابری تک دہشت گردی کی تمام وارداتوں کا دہشت گرد ٹولہ خود اعتراف کررہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس پر حکومت کو فوری ایکشن لینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ حکمراں بیرونی ایجنڈے پر ملک کو سیکولر و لبرل اسٹیٹ بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، کھلے عام اسلامی احکامات کو روند رہے ہیں۔ کہیں غیرت بل کے نام پر، کہیں تحفظ حقوق نسواں بل کے نام پر، اسلامی احکامات کے خلاف قوانین بنائے جارہے ہیں۔ عاشق رسول ممتازحسین قادری کو اسلامی احکامات کے خلاف پھانسی دے دی گئی اور ملعونہ آسیہ کو رہا کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا: مودی کی محبت میں کشمیریوں کے لہو کاسودا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کشمیر میں جاری بھارتی درندگی کو روکنے کیلئے عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے حکومت کی جانب سے مردم شماری میں سستی دکھانے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ حکومت الیکشن 2018 میں من مانے نتائج حاصل کرنے کیلئے مردم شماری سے گریز کررہی ہے اوراس کو ڈیلے کرنے کیلئے بہانے تراشے جار ہے ہیں۔

جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر نے صوبہ سندھ میں شراب نوشی کے خلاف اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: سندھ ہائی کورٹ نے شراب کے کاروبار کو غیر قانونی قرار دے کر سندھ میں شراب خانوں کو فوری بند کرنے کے احکامات جاری کر کے قوم کی حقیقی ترجمانی کی ہے اس پر پورے ملک میں پابندی لگائی جائے۔ دنیا کا کوئی مذہب شراب نوشی کی اجازت نہیں دیتا اس کے استعمال سے ہزاروں گھر برباد ہوچکے ہیں۔

صاحبزادہ ابوالخیر کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء پاکستان کو پورے ملک میں منظم کیا جارہا ہے اضلاع کے بعد صوبائی انتخابات ہورہے ہیں نئی صف بندی کی جارہی ہے انشاء اللہ جلد ہی قوم کو اہلسنت کے بڑے گرینڈ الائنس کی خوش خبری سنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں جب تک نظام مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا نفاذ نہیں ہوگا ملک اور قوم کی تقدیر نہیں بدلے گی۔ ملک کو دہشت گردی اور بے راہ روی سے بچانے کیلئے بھرپور جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ملک اور قوم کے مسائل کا واحد حل صرف اور صرف نظام مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے عملی نفاذ میں مضمر ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری