افغان طالبان کی پاکستانی حکام سے ملاقات کا انکشاف


افغان طالبان کی پاکستانی حکام سے ملاقات کا انکشاف

پاکستان میں تعینات افغان سفیر عمر زخیل وال نے انکشاف کیا ہے کہ افغان طالبان نےرواں ہفتے پاکستانی حکام سے ملاقات کی اور انہیں قطر کے شہر دوحہ میں ہونے والے امن مذاکرات سے آگاہ کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان میں تعینات افغان سفیر عمر زخیل وال نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان طالبان نے پاکستانی حکام کو قطر میں افغان حکام سے ہونے والی ملاقات پر بریفنگ دی۔

غیرملکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق، افغان طالبان نے رواں ہفتے پاکستانی حکام سے ملاقات کی ہے اور قطر میں ہونے والے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان امن مذاکرات کے حوالے سے آگاہ کیا۔

طالبان اور افغان حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں سینیئر امریکی سفیر اور افغانستان کی خفیہ ایجنسی کےسربراہ بھی شامل تھے۔

پاکستان میں تعینات افغانی سفیر عمر زخیل وال نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکام اور طالبان کے درمیان ہونے والی ملاقات کا پہلے ہی سے علم تھا۔

تفصیلات کے مطابق، افغان طالبان وفد نے امن مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کیا، جبکہ پاکستان میں آنے والے افغان طالبان کا 3 رکنی وفد ملا سلام حنیفی ، ملا جان محمد اور مولوی شہاب الدین دلاور پر مشتمل تھا۔

واضح رہے کہ قطر میں ہونے والی طالبان اور افغان حکام کے درمیان ملاقات میں پاکستان کی جانب سے کسی نمائندے نے شرکت نہیں کی تھی۔

دوسری جانب، افغان طالبان نے کابل حکومت کے ساتھ خفیہ مذاکرات کے حوالے سے برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ کو مسترد کیا ہے تاہم پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، افغان طالبان، افغان اور پاکستانی حکام نے اس گروہ کے وفد کے اسلام آباد دورے کی تصدیق کی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری