نائیجیریا پاکستان سے 10 سپر مشاق طیارے خریدے گا

خبر کا کوڈ: 1218776 خدمت: پاکستان
سپر مشاق طیارہ معاہدہ

نائیجیریا کے پاکستان سے 10 سپر مشاق تربیتی طیارے خریدنے کے حوالے سے پاک فضائیہ اور نائیجیرین ایئرفورس کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاک فضائیہ اور نائیجیرین ایئرفورس کے مابین 10 سپر مشاق طیارے کی فروخت سے متعلق معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں ہوئی جہاں نائیجیرین ایئر وائس مارشل احمد عبداللاہی اور پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس (پی اے سی) کے چیئرمین ایئر مارشل ارشد ملک نے معاہدے پر دستخط کیے۔

پاکستان ایئر فورس کے ترجمان ایئر کموڈور سید محمد علی نے بتایا کہ معاہدے کے تحت پاک فضایہ نائیجیرین ایئر فورس کو پاکستانی ساخت طیاروں کی فروخت کے ساتھ ساتھ آپریشنل تربیت اور تکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گی۔

امید کی جا رہی ہے کہ معاہدے پر جلد از جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔

نائیجیریا اور پاکستان کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ جہاں پاکستان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے وہیں فضائی آلات کی بیرون ملک برآمدات میں اضافے کی بھی نئی راہیں کھولے گا۔

خیال رہے کہ اس معاہدے سے دنیا بھر میں سپر سونک جے ایف 17 تھنڈر اور سپر مشاق تربیتی طیارے تیار کرنے والے پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کی ساکھ مزید بہتر ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ مشاق طیارے پہلے ہی سعودی عرب، عمان، ایران اور جنوبی افریقہ میں استعمال کیے جارہے ہیں۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری