پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہے، آرمی چیف


پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہے، آرمی چیف

آرمی چیف راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہے اور جتنا آج عالمی برادری سے نزدیک ہے اتنا پہلے کبھی نہیں تھا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، لاہور میں پیسز چیمپئن شپ 2016 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہے اور جتنا آج عالمی برادری سے نزدیک ہے اتنا پہلے کبھی نہیں تھا۔

آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب دنیا کیلئے مثال ہے۔ آج ہم عالمی برادری کو فخر سے بتا سکتے ہیں کہ پاک افغان سرحد کے دور دور تک دہشتگرد نیٹ ورک کو ختم کرکے امن و خوشحالی کی فضا قائم کر دی گئی ہے۔

پہلی انٹر نیشنل پیسز چیمپئن شپ  2016 کے حوالے سے انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے دنیا کی 18 بہترین آرمی ٹیموں نے شرکت کی۔ کھیلوں کے انعقاد سے تمام ملکوں سے روابط مضبوط ہوں گے۔

پاک افواج کے جوانوں کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان چست، پھرتیلے اور ہوشیار ہیں۔ انہوں نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔

پاکستان آرمی کے سربراہ نے شرکا کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی یہاں موجودگی ہماری لازوال دوستی کا نشان ہے۔

انہوں نے پہلے انٹرنیشنل پیسز مقابلے کو ایک بہت بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کے مقابلوں کے انعقاد کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وہ لاہور میں پیسز چیمپئن شپ 2016 کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری