ملک بھر میں آزاد کشمیر کا 69واں یوم تاسیس


ملک بھر میں آزاد کشمیر کا 69واں یوم تاسیس

آزاد کشمیر کے 69 یوم تاسیس کی مناسبت سے ریاست سمیت ملک بھر میں رہنے والے کشمیری عوام مختلف تقاریب کا اہتمام کررہے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، یوم تاسیس کی مناسبت سے پوری ریاست میں یوم تعطیل ہے۔

تفصیلات کے مطابق، آزاد کشمیر میں آج 69واں یوم تاسیس منایا جارہا ہے جس کی مناسبت سے نماز فجر کے بعد پاکستان کی سالمیت و خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

دن کا آغاز ریاست کے دارالحکومت مظفرآباد میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ آزاد کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں پرچم کشائی و دعائیہ تقریبات اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔

ریاست کی سب سے بڑی تقریب مظفرآباد کے یونیورسٹی گراؤنڈ میں منعقد کی گئی جس میں قائم مقام صدر شاہ غلام قادر اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارت میں کنٹرول لائن عبور کرنے کی جرات نہیں، مقبوضہ کشمیر میں قربانیوں کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عنقریب ظلم کی سیاہ رات کاخاتمہ ہوگا اور مقبوضہ کشمیر کے عوام بہت جلد آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں گے۔ 

انہوں نے یہ نکتہ بھی واضح کیا کہ مستحکم، جمہوری اور خوشحال پاکستان ہی عالمی سطح پر کشمیریوں کا موثر وکیل ثابت ہوسکتا ہے۔

تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کے ساتھ الحاق کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری