کوئٹہ؛ پولیس ٹریننگ سینٹر پر لشکر جھنگوی کا حملہ، 58 اہلکار شہید 120 زخمی


کوئٹہ؛ پولیس ٹریننگ سینٹر پر لشکر جھنگوی کا حملہ، 58 اہلکار شہید 120 زخمی

کالعدم دہشتگرد جماعت لشکر جھنگوی نے گذشتہ شب پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ پر خودکش حملے کر دیے جس کے نتیجے میں 58 اہلکار شہید جبکہ 120 زخمی ہو گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، سریاب میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر خودکش حملوں کے نتیجے میں 58 اہلکار شہید اور 5 فوجی جوانوں سمیت 120زخمی ہو گئے۔

کوئٹہ میں سریاب پولیس ٹریننگ سینٹر پر کالعدم دہشتگرد تنظیم لشکر جھنگوی کے 3 دہشتگردوں نے گزشتہ شب دھاوا بول دیا۔

2 خودکش دھماکوں میں زیر تربیت 58 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ فوجیوں سمیت 120 کے قریب اہلکار زخمی ہیں جنہیں بولان میڈیکل کمپلیکس اور سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دہشت گردوں نے دو سو سے زائد اہلکاروں کو یرغمال بھی بنائے رکھا تھا۔

واضح رہے کہ ٹریننگ سینٹر میں 700 کے قریب اہلکار زیر تربیت تھے۔

افسوسناک واقعے کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ صوبے بھر کے ایئر پورٹس اور دیگر اہم مقامات کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ تین خودکش حملہ آور رات 11 بجکر 10 منٹ پر ٹریننگ سینٹر میں داخل ہوئے جنہوں نے پہلے واچ ٹاور پر موجود گارڈ کو شہید کیا اور بعد میں اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے کمپاﺅنڈ میں داخل ہو گئے۔

فورسز کی جوابی فائرنگ سے ایک خودکش حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ دیگر 2 دہشتگر ہاسٹل میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

دونوں دہشتگردوں نے ہاسٹل کے اندر جا کر خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں شہادتیں ہوئیں اور اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

فورسز نے چار گھنٹے کی کوشش کے بعد آپریشن مکمل کر لیا ہے اور 200 سے زائد یرغمالیوں کو بازیاب کرالیا گیا ہے ۔

آئی جی ایف سی شیر افگن نے انکشاف کیا ہے کہ حملہ آوروں کو افغانستان سے ہدایات مل رہی تھی تاہم فورسز نے بہادری سے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا۔

آپریشن میں ایف سی، فوج اور پولیس نے حصہ لیا۔ آپریشن کی نگرانی ہیلی کاپٹر سے بھی کی جاتی رہی۔

آپریشن مکمل ہونے کے بعد ٹریننگ سینٹر کے گرد علاقوں میں فوج اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے اور علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔

ادھر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے صوبے بھر کے حساس اور سرکاری مقامات کی سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کراچی کے داخلی راستوں اور ناکوں سمیت سندھ بھر میں موجود پولیس ٹریننگ کالجز اور پولیس اسکولوں کی سیکورٹی سخت کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے پولیس ٹریننگ سنٹر کوئٹہ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زیر تربیت اہلکاروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جائیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری