امریکہ میں قرآن پاک کے قدیم نسخے اور خطاطی کے نمونوں پر مشتمل عظیم الشان نمائش


امریکہ میں قرآن پاک کے قدیم نسخے اور خطاطی کے نمونوں پر مشتمل عظیم الشان نمائش

امریکہ میں منعقد کی جانے والی ایک آرٹ کی نمائش میں قرآن کریم کے قدیم نسخے اور خطاطی کے نمونے پیش کیے گئے ہیں

خبررساں تسنیم کے مطابق، نمائش میں رکھے گئے قدیم نسخے اور خطاطی کے نمونوں کو آرٹ کے دلدادہ مسلم و غیر مسلم افراد کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔

اے آر وائی نیوز نے خبر دی ہے کہ فروری 2017 تک جاری رہنے والی ’دی آرٹ آف دی قرآن‘ نامی یہ نمائش واشنگٹن کے فریئر اینڈ سیکلر عجایب گھر میں جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق، یہاں پیش کیے جانے والے نمونے عراق، افغانستان اور ترکی سمیت پوری اسلامی دنیا سے حاصل کیے گئے ہیں۔

نمائش میں پیش کیے گئے قرآن کریم کے نسخے اور خطاطی کے نمونے اٹھارویں اور انیسویں صدی کے دور کے ہیں۔ یہ نسخے اور نمونے عثمانی سلاطین، ان کی ملکاؤں اور وزرا کی جانب سے مختلف ادوار میں مختلف حکمرانوں کو تحفے کے طور پر پیش کیے گئے تھے۔

ان میں سے کچھ نمونے اس عجائب گھر کا حصہ ہیں جبکہ کچھ استنبول کے میوزیم آف ترکش اینڈ اسلامک آرٹس سے مستعار لیے گئے ہیں۔

نمائش میں پیش کیے جانے والے خطاطی کے نمونوں سے ثابت ہوتا ہے کہ مختلف سلاطین نے اسلامی روایات کے ساتھ ساتھ فنون لطیفہ کی بھی سرپرستی کی تھی۔

نمائش میں رکھے جانے والے نمونوں سے خطاطی کے مختلف ارتقائی مراحل کے بارے میں بھی آگاہی حاصل ہوتی ہے کہ کس دور میں کس قسم کی خطاطی نے فروغ پایا۔

واضح رہے کہ یہ امریکہ میں اپنی نوعیت کی پہلی نمائش ہے۔

انتظامیہ کے مطابق، قرآن کریم کی سب سے بڑی اس نمائش کا مقصد شاندار خطاطی کو خراج تحسین پیش کرنا اور اسے دنیا کے سامنے متعارف کرانا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ نمائش مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان رابطہ قائم کرنے، ان کے لوگوں کو آپس میں ایک دوسرے سے واقفیت حاصل کرنے اور قریب لانے میں نہایت سودمند ثابت ہوگی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری