اقوام متحدہ میں جوہری ہتھیاروں پر پابندی کی قرارداد منظور


اقوام متحدہ میں جوہری ہتھیاروں پر پابندی کی قرارداد منظور

عالمی طاقتوں کی مخالفت کے باوجود اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایک کمیٹی نے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کیلیے ایک قرارداد منظور کرلی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی کمیٹی کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد میں عالمی برادری کی ایک واضح اکثریت کی رائے سامنے آ ئی ہے جو دنیا سے جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ چاہتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، اس قرارداد کو منظور ہونے سے روکنے کیلیے عالمی طاقتوں نے زبردست لابنگ کی تاکہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اس کی مخالفت میں ووٹ ڈالیں تاہم اس قرارداد پر ہونے والی ووٹنگ میں 123 ممالک نے حق میں جبکہ صرف 38 ممالک نے مخالفت میں ووٹ ڈالا۔

پاکستان، چین اور بھارت سمیت 16 ممالک نے اس قرارداد کے بارے میں اپنی رائے محفوظ رکھی۔

جنرل اسمبلی میں یہ قرارداد آسٹریا، برازیل، آئرلینڈ، میکسیکو، نائیجیریا اور جنوبی افریقہ نے پیش کی۔ اس قرارداد کی مخالفت میں امریکہ، روس، اسرائیل، فرانس اوربرطانیہ سرفہرست رہے۔ اب یہ قرارداد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے مکمل اجلاس میں رواں برس دسمبر میں پیش کی جائے گی۔

اس قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اگلے برس مارچ سے دنیا بھر سے جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کے کسی قانونی پابندی کے حامل معاہدے پر بات چیت کا آغاز کیا جائے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کو دنیا بھر سے ختم کر دیا جائے۔ جوہری ہتھیاروں کی مخالف تنظیموں نے قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری