2 نومبر دھرنے میں شرکت کے لئے قافلوں کا سلسلہ جاری/ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات


2 نومبر دھرنے میں شرکت کے لئے قافلوں کا سلسلہ جاری/ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات

2 نومبر کو پی ٹی آئی کے دھرنے میں شرکت کے لئے آنے والے قافلوں کو روکنے کے لئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف راستوں پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، 2 نومبر کو پی ٹی آئی کے دھرنے میں شرکت کے لئے آنے والے قافلوں کو روکنے کے لئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف راستوں پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پولیس چیک پوسٹس میں اضافے کے باعث سینکڑوں گاڑیوں کی قطاریں اور ٹریفک جام معمول بن گیا۔ 

تسنیم نیوز کے سروے کے مطابق، خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر حصوں سے اسلام آباد آنے پی ٹی آئی کارکنان کو روکنے کے لئے حکومت نے پنجاب پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کی بھاری نفری شہر کے داخلی راستوں پر تعینات کر رکھی ہے، جس کے باعث شہری شدید اذیت سے دوچار ہور ہے ہیں۔

پنجاب پولیس کے وحشیانہ رویے کے باعث معزز شہریوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔

سروے کے مطابق، اٹک پل، حسن ابدال،  ٹیکسلا، ترنول اور کشمیر ہائی وے کے مقامات پر بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ بعض مقامات پر پی ٹی آئی کے قافلوں پر شیلنگ کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

پی ٹی آئی پنجاب کے سابق صدر اور سینئر رہنما اعجاز چوہدری لاہور سے بنی گالہ باپیادہ قافلہ لیکر پہنچ گئے ہیں۔

بنی گالہ پہنچنے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے رہنما پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ مختلف مقامات پر پولیس کے ساتھ آنکھ مچولی کرتے اور بچتے بچاتے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، پیدل چلنے کے باعث پاوں شدید زخمی ہیں۔

واضح رہے کہ بنی گالہ میں واقع عمران خان کی رہائش گاہ آمد کے لئے بھی خفیہ راستوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔

اعجاز چوہدری نے مزید کہا کہ ہم چیئرمین تحریک انصاف کی کال پر اپنی جان نچھاور کر سکتے ہیں۔  وزیر آباد اور جہلم میں ہمارے سینکڑوں کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ہمارا یہ احتجاج اس قوم کے لئے ہے جو فی کس سوا لاکھ کی مقروض ہو چکی ہے۔ قوم ہمارا ساتھ دے تاکہ ملک کو لٹیروں سے نجات دلائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک کے ساتھ غداری کی اور غدار کی سزا موت ہے۔ اس بار نواز کو جدہ بھاگنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری