گڈانی میں آئل ٹینکر کی صفائی کے دوران دھماکہ/ 12 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

خبر کا کوڈ: 1228392 خدمت: پاکستان
گڈانی آئل ٹینکر

حب کے علاقے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں ایک آئل ٹینکر کی صفائی کے دوران دھماکوں کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، حب میں گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں آئل ٹینکر کی صفائی کے دوران آگ بھڑک اٹھی اور ٹینکر میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ہوئے۔

اے آر وائی نیوز نے اطلاع دی ہے کہ دھماکوں کے وقت وہاں 100 کے قریب مزدور موجود تھے جن کی بڑی تعداد دھماکوں کی زد میں آئی۔

المناک حادثے کے بعد کئی افراد اسپتال لے جانے کے دوران راستے میں ہی دم  توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق، جائے وقوعہ پر اب بھی 70 مزدور پھنسے ہوئے ہیں جبکہ آگ کی شدت کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مزدوروں نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اگر آگ پر قابو نہیں پایا گیا تو مزید بحری جہازوں میں بھی آگ لگ سکتی ہے۔ ان کے مطابق، دھماکوں کے وقت متعدد مزدوروں نے سمندر میں چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔

ذرائع کے مطابق، ٹینکر کی صفائی کرنے کے لیے کئی مزدور اندر اترے ہوئے تھے جن میں سے کسی کو بھی تاحال باہر نہیں نکالا گیا ہے۔ جائے حادثہ پر مزدوروں کے اہل خانہ بھی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں جو اپنے پیاروں کے بارے میں کسی خبر کے منتظر ہیں۔

حادثے کے بعد 50 سے زائد ایمبولینسیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئیں۔ زخمیوں کو سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا ہے جبکہ کراچی کے 2 بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔ انتظامیہ نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے حادثے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور کراچی لائے جانے والے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری