پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر کے چینی ایئر شو میں شاندار کارکردگی


پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر کے چینی ایئر شو میں شاندار کارکردگی

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے چین میں زہوہائی ایئرشو 2016 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں جے ایف 17 تھنڈر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، ایئرچیف مارشل سہیل امان نے پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر اور چینی فضائیہ کی ایروبیٹکس ٹیم، رائل ایئرفورس ایروبیٹک ٹیم، جے ٹونٹی، ایف ٹی سی دو ہزار اور کئی دوسرے طیاروں کے فضائی کرتب دیکھے۔

واضح رہے کہ چین کے دو جے 20 خفیہ جنگی طیارے کسی بھی تعارفی اعلان کے بغیر اچانک ہی ایئر شو کے تماشائیوں کے سر پر منڈلاتے، یہ سیاہ پاورفل جیٹ طیارے 2 منٹ تک ایک سے دوسری جانب اڑنے کے بعد شرکا کی نظروں سے اوجھل ہو گئے۔

چین میں ہونے والا یہ واحد بین الاقوامی ایکسپو، بیجنگ کو اپنے شہریوں اور 42 ممالک سے شریک مہمانوں کے سامنے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ یہ ایئر شو مشہور عالمی ایرو اسپیس کمپنیوں کو دنیا کی دوسری بڑی معیشت کی طیاروں کی مارکیٹ میں خرید و فروخت کے مواقع فراہم کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

خیال رہے کہ زہوہائی کی نمائش اب تک کی سب سے بڑی نمائش تھی جس میں چین کی نئی ملٹری ٹیکنالوجی کو سامنے لایا گیا، جس میں اینٹی کرافٹ میزائل سسٹم، خودکار ڈرونز، اور فائٹر جیٹس کی مختلف اقسام شامل تھیں۔

ائیر شو کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان پویلین کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے افسران کی شو میں شاندار کارکردگی کو سراہا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے پیپلزلبریشن فضائیہ کے کمانڈر جنرل سے بھی ملاقات کی اور باہم دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ 

دونوں افسران نے دونوں دوست ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تربیت اور استعداد کار بہتر بنانے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری