ایرانی قونصلٹس کی ویزہ پراسس میں سستی/ زائرین امام حسین علیہ السلام میں بےچینی اور پریشانی


ایرانی قونصلٹس کی ویزہ پراسس میں سستی/ زائرین امام حسین علیہ السلام میں بےچینی اور پریشانی

پاکستانی زائرین کی ایک بڑی تعداد ایران کا ویزہ وقت پر نہ ملنے کی وجہ سے شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

خبررساں ادار تسنیم کے مطابق، چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر پاکستان سے تقریبا 3 لاکھ سے زائد زائرین امام حسین علیہ السلام کربلا معلی، نجف اشرف و کاظمین کی زیارات کی سعادت حاصل کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق، ان 3 لاکھ زائرین میں سے ایک بڑی تعداد وسائل کی قلت و زیارت امام رضا علیہ السلام کے سبب براستہ ایران، کربلا جانے کا ارادہ رکھتی ہے لیکن زائرین کو گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی ایران کے ویزوں کی بروقت اشاعت نہ ہونے کہ سبب شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ہزاروں زائرین نے ویزہ درخواست سمیت پاسپورٹس اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور کے ایرانی سفارتخانوں اور قو نصلیٹس میں ویزوں کیلئے جمع کی ہیں تاہم زائرین کئی ہفتے گزر جانے کے باوجود ویزے حاصل نہیں کر پائے ہیں۔

واضح رہے کہ اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقع پر 70 ہزار سے ایک لاکھ زائرین ایران کے راستے کربلا پہنچ کر اربعین امام حسین علیہ السلام میں شرکت کرتے ہیں۔

مذکورہ زائرین سیکیورٹی معاملات کی وجہ سے کوئٹہ سے تفتان سرحد تک کا سفر پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے ہمراہ کانوائے کی شکل میں کرتے ہیں۔

اس صورت حال میں زائرین کا بروقت کربلا پہنچانا اسی صورت ممکن ہے کہ اگر وہ 5 صفر تک ویزے حاصل کر کے سفر پر روانہ ہوجائیں۔

زائرین امام حسین علیہ السلام نے پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست سے اپیل کی ہے کہ وہ زائرین امام حسین علیہ السلام کو اس مشکل سے نجات دلائیں تاکہ وہ اس سال بھی مشہد مقدس سے ہوتے ہوئے اربعین امام حسین علیہ السلام منانے کربلا کی مقدس سرزمین پر پہنچ سکیں۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری