کراچی میں ٹرینوں کو خوفناک حادثہ، 21 افراد جاں بحق، متعدد زخمی/ تصویری رپورٹ


کراچی میں ٹرینوں کو خوفناک حادثہ، 21 افراد جاں بحق، متعدد زخمی/ تصویری رپورٹ

لانڈھی میں فرید ایکسپریس اور زکریا ایکسپریس میں تصادم کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، کراچی میں لانڈھی کے علاقے قذافی ٹاؤن کے قریب فرید ایکسپریس اور زکریا ایکسپریس ایک زوردار دھماکے سے آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے باعث 21 افرادجاں بحق جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

تصادم کے باعث ہونے والا دھماکہ اس قدر بلند تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

تصادم کے بعد مقامی افراد جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور ریسکیو عملے کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں ہاتھ بٹانے لگے۔

مقامی رہائشیوں کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنا پر زخمیوں اور ریل گاڑی میں پھنسے ہوئے مسافروں کو خوراک اور پانی دینے کے بھی مناظر سامنے آئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں اور لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب، جناح اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ 30 کے قریب زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

تاحال حادثے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آسکی تاہم افسوسناک واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں ملتان کے قریب عوام ایکسپریس اور مال گاڑی میں خوفناک تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

افسوسناک ناک واقعے میں مال گاڑی کے نیچے ایک شخص آکر ہلاک ہو گیا تھا، جس پر مال گاڑی رک گئی تھی۔

قریبا 15 منٹ بعد ملتان سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس ٹرین پیچھے سے کھڑی مال گاڑی سے زوردار دھماکے سے ٹکرا گئی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری