اقوام متحدہ کے وفد کا ورکنگ باونڈری پر پاکستانی علاقوں کا دورہ


اقوام متحدہ کے وفد کا ورکنگ باونڈری پر پاکستانی علاقوں کا دورہ

اقوام متحدہ کے وفد نے سیالکوٹ کے ان دیہاتوں کا دورہ کیا جو کئی ہفتوں سے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی زد پر ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق،  بھارت کی جانب سے بلااشتعال گولہ باری کی وجہ سے سرحد کے ساتھ واقع ان دیہاتوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔ بھارتی جارحیت کی وجہ سے مسلسل 13ویں روز بھی تمام سرکاری اور نجی اسکول بند رہے۔

اقوام متحدہ کے وفد نے بھارتی فائرنگ اور شیلنگ سے متاثرہ علاقوں چھپرار، رنگ پور جٹن، صالح پور، ٹھاٹی، جھمیاں، کندن پور اور سچیت گڑھ کے رہائشیوں سے ملاقات بھی کی۔

ملاقات میں اقوام متحدہ کی ٹیم میں موجود افراد نے رہائشیوں سے گزشتہ دنوں میں ہونے والی بلااشتعال شیلنگ اور گولہ باری سے متعلق معلومات اکھٹا کیں۔

اقوام متحدہ کے نمئندگان کا کہنا تھا کہ ہم صورتحال کی تفتیش اور شواہد جمع کررہے ہیں۔

گاؤں کے افراد نے اقوام متحدہ کے مبصرین کو بتایا کہ بھارتی فورسز کی شیلنگ کے سبب بے شمار گھر تباہ ہوچکے ہیں۔

شہریوں کے علاوہ پنجاب رینجرز نے بھی اقوام متحدہ کی ٹیم کو بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کی گولہ باری سے متعلق آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ چند ہفتوں سے بھارت کی جانب سے پاکستانی شہری علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں کو قیمتی جانی اور مالی نقصان کا سامنا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری