پنجاب بھر میں دھند کا راج/ ٹریفک حادثات میں 18 افراد ہلاک، درجنوں زخمی، موٹروے بند


پنجاب بھر میں دھند کا راج/ ٹریفک حادثات میں 18 افراد ہلاک، درجنوں زخمی، موٹروے بند

موٹر وے پر سکھیکی کے قریب دھند کے باعث کئی گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق جب کہ 50 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پنجاب کو دھند نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے باعث ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔

ذرائع کی مطابق، حافظ آباد میں سکھیکی کے قریب موٹروے پرشدید دھند کے باعث 7 سے زائد گاڑیاں آپس میں ایک دوسرے سے ٹکراگئیں، جس کے نتیجے میں 50 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حادثات میں زخمی ہونے والوں کو پنڈی بھٹیاں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج 14 مسافر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

دوسری جانب خانپورمیں بھی تیز رفتار کار دھند کے باعث بے قابو ہوکر پٹھان واہ نہر میں جا گری، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو رورل ہیلتھ سنٹر خانپور منتقل کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور زخمی افراد کوعلاج معالجے کی بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب بھر میں آج بھی دھند کا راج ہے جس کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے اور دھند کے باعث حد نگاہ 20 میٹر تک رہ گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر قائم 20 رکنی خصوصی کمیٹی نے دھند کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے وسطی اور مشرقی علاقے موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق، دھند کا سلسلہ آئندہ 5 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری