پنجاب میں دھند کی وجہ بھارت میں جلائی گئی فصلوں کا دھواں ہے، ناسا کا دعوی


پنجاب میں دھند کی وجہ بھارت میں جلائی گئی فصلوں کا دھواں ہے، ناسا کا دعوی

امریکی خلائی ادارے ناسا نے کہا ہے کہ بھارتی پنجاب میں کسانوں کی جانب سے جلائی جانے والی فصلوں کی باقیات اور گھاس پھوس نذرِ آتش کرنے سے کثیف دھواں فضا میں جاتا ہے جو سرد موسم میں منجمند ہوکر گاڑھے دھویں یا اسموگ کی صورت میں بھارت اور پاکستان پر چھایا رہتا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں رواں ہفتے منگل سے شروع ہونے والا 'اسموگ' یا آلودہ دھند کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جس کے باعث ہونے والے کئی حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہو چکا ہے۔

اس دھند کے بارے میں ناسا نے دعوی کیا ہے کہ اس دھند کی وجہ بھارتی پنجاب میں کسانوں کی جانب سے جلائی جانے والی فصلوں کی باقیات اور گھاس پھوس کا دھواں ہے۔

ایکسپریس نیوز نے خبر دی ہے کہ سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر اور ڈیٹا پر مشتمل ناسا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھند کی وجہ محض دیوالی کی آتش بازی نہیں بلکہ اس میں زرعی فضلے مثلاً چاول کے پھوگ کو لگائی جانے والی آگ بھی شامل ہے۔

اس کی وجہ سے ایک جانب تو معمولاتِ زندگی مثلاً ٹرانسپورٹ اور پروازیں تاخیر کی شکار ہورہی ہیں تو دوسری جانب لوگ سانس اور آنکھوں کے امراض سمیت کئی بیماریوں کے شکار ہورہے ہیں اور یہ انسانی دماغ کو بھی متاثر کرتی ہے۔

ناسا کے مطابق 17 سے 20 اکتوبر تک ہریانہ اور بھارتی پنجاب میں کئی مقامات پر فصلوں کو آگ لگائی گئی تاکہ زمین صاف کرکے اس پر دوسری فصل اُگائی جاسکے۔ ناسا کا کہنا ہےکہ خود یہ دھواں دہلی کو بھی متاثر کررہا اور وہاں بھی دھند کا راج ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 4 روز سے جاری شدید دھند کے باعث جہاں لاہور سمیت صوبے کے بیشتر علاقوں میں نظامِ زندگی بُری طرح سے متاثر ہوا ہے وہیں شہریوں کو بھی سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور بہت سے لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

اس زمرے میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے ایک 20 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شہری گھر سے نکلتے ہوئے سموگ کی آلودگی سے بچنے کے لئے ماسک استعمال کریں اور ٹریفک حادثات کے خطرات میں کمی لانے کے لیے ڈرائیور اندھیرے میں سفر کرنے سے گریز کریں، سموگ کے دوران بڑی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافر احتیاط برتیں۔

کمیٹی نے طبی ماہرین کے حوالے سے کہا ہے کہ آنکھوں میں جلن کی صورت میں بار بار تازہ اور ٹھنڈے پانی سے آنکھوں کو دھویا جائے، بچوں بیماروں اور معمر افراد کو سموگ سے بچانے کے لیے خصوصی اہتمام کیا جائے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پنجاب کے میدانی علاقوں میں چھائی دھند کی وجہ ہوا کے دباؤ میں کمی اور فضائی آدلودگی کو قرار دیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک اسی طرح سے جاری رہے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری