چینی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عندیہ


چینی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عندیہ

وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات میں چینی سرمایہ کار وفد نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو سراہتے ہوئے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری فنڈ لانے کا اعلان کیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، وزیراعظم نواز شریف سے چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کے ایک وفد نے ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم نے چینی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے انھیں حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور ان کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔

چینی وفد نے اعتراف کیا کہ حکومتی پالیسیاں متاثر کن اور پرکشش ہیں لہٰذا وہ ابتدائی طور پر 3 ارب ڈالر کا سرمایہ کاری فنڈ لائیں گے۔

انہوں نے پاکستان میں مواصلاتی ڈھانچے کے منصوبوں، شاہراہوں کی ترقی اور توانائی پیداوار کے منصوبوں کو سراہا۔

اس موقع پر چینی وفد نے نجی شعبے میں نئی ایئرلائن شروع کرنے کیلئے بھی دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔

دوسری طرف، پاک چین کی دیرینہ اور دن بدن مضبوط ہوتی ہوئی دوستی بھارت اور امریکہ کے لئے تشویش اور بےچینی کا باعث بن رہی ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں چین کی کمپنی چائنا پیٹرولیم پائپ لائن بیورو نے گوادر سے ایرانی سرحد تک نامکمل رہ جانے والی گیس پائپ لائن مکمل کرنے کی بھی پیشکش کی ہے۔

خیال رہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ایران پر عالمی پابندیوں کی وجہ سے تکمیل نہ پا سکا تھا۔ تاہم پابندیاں اٹھنے کے بعد بھی امریکہ کی بعض بندشوں کی وجہ سے منصوبے کی تکمیل التوا کا شکار ہے۔

جبکہ اس سے قبل ایران کی پاک چین راہداری منصوبے میں دلچسپی ظاہر کرنے پر چین نے بھی ایران کو سی پیک منصوبے میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری