ملیحہ لودھی کا اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ وفد بھیجنے کا مطالبہ


ملیحہ لودھی کا اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ وفد بھیجنے کا مطالبہ

پاکستان نے اقوم متحدہ سے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور مظالم کی تحقیقات کے لیے وفد بھیجنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے ایک بار پھر اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی مظالم اور ظلم و بربریت کی تحقیقات کرنے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کو مقبوضہ کشمیر بھیجا جائے تاکہ شفاف تحقیقات ہو سکیں۔

تفصیلات کے مطابق، یہ مطالبہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے ا نسانی حقوق کے کمشنر زید راعد الحسین سے نیویارک میں ہونے والی ایک ملاقات میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق کمیٹی کو حقائق جاننے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو جانچنے کے لیے آزاد کشمیر تک رسائی دینے کے لیے تیار ہے جب کہ بھارت نے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو اجازت نہ دے کر مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی طرف سے کیے جا رہے مظالم کو تسلیم کرلیا ہے۔

اپنی ملاقات میں ملیحہ لودھی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرے اور وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے میں فیصلہ کن کردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر زید راعد الحسین کی جانب سے آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو جانچنے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بھیجنے کے لیے بالترتیب پاکستان اور بھارت سے رسائی چاہی تھی۔

پاکستان نے آزاد کشمیر میں قوام متحدہ کے کمیشن کو رسائی دینے کی یقین دہانی کرادی تھی تاہم بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر تک رسائی دینے سے انکار کردیا تھا۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل رکن ملیحہ لودھی کا یہ مطالبہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کی گئی تقریر ہی کی کڑی ہے۔

انہوں نے عالمی رہنماؤں کے سامنے مقبوضہ وادی کے مظلوم شہریوں پر توڑے جانے والے بھارتی مظالم کا تذکرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ وفد بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری