عراق اور شام میں داعش کے گرد گھیرا تنگ/ اب افغانستان داعش کا مضبوط گڑھ بن گیا ہے


عراق اور شام میں داعش کے گرد گھیرا تنگ/ اب افغانستان داعش کا مضبوط گڑھ بن گیا ہے

قزاقستان کے صدر نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق اور شام میں داعش کے گرد گھیرا تنگ ہورہا جس کی وجہ سے داعشی جوق در جوق افغانستان کا رخ کررہے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے نے ''ٹاس'' کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ قزاقستان کے صدر «نورسلطان نظربایف» نے جاپان کے دورے کے دوران ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: عراق اور شام میں اب داعش کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ گروہ اپنے لئے نئے پناہگاہوں کی تلاش میں ہے اور ان کے پاس افغانستان سے زیادہ بہتر کوئی جگہ نہیں ہے۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ داعش سے نہ صرف افغانستان کو خطرہ ہے بلکہ ہمسایہ ممالک جیسے ترکمنستان، ازبکستان، تاجکستان ۔۔۔ کو بھی شدید خطرہ لاحق ہوتا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ روسی نائب وزیرخارجہ نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ افغانستان میں سرگرم زیادہ تر داعش کا تعلق مرکزی ایشیاء سے ہے۔

روسی وزارت خارجہ نے افغانستان میں بڑھتی ہوئی داعشی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان سے ملحقہ تاجکستانی اور ترکمنستانی سرحدوں پر داعش کی حمایت میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔

روسی خفیہ ایجنسی ایف ایس بی کے ڈائریکٹر الیگزینڈر بورتنیکوف نے اس سے پہلے کہا تھا کہ وسطی ایشیائی ممالک میں انتہا پسند تنظیم داعش کی دراندازی کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور عین ممکن ہے کہ داعش اپنے جنگجوؤں کو وسطی ایشیا منتقل کرے۔

واضح رہے کہ  پاکستان اور ایران سمیت ترکمانستان، تاجکستان اور ازبکستان کی سرحدیں افغانستان سے ملتی ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری