پاناماکیس کی تحقیقات فکسڈ میچ ہے/ پہلے دن سے معلوم تھا کہ 2 نومبر کو دھرنا نہیں ہوگا


پاناماکیس کی تحقیقات فکسڈ میچ ہے/ پہلے دن سے معلوم تھا کہ 2 نومبر کو دھرنا نہیں ہوگا

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کی تحقیقات فکسڈ میچ ہے جس سے وزیراعظم نواز شریف کو ڈرائی کلین کرکے نکالا جائے گا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنی حلیف جماعت تحریک انصاف پر الزام عائد کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ پاناما کیس کی تحقیقات فکسڈ میچ ہے کیونکہ پس پردہ مذاکرات چلتے رہے ہیں اور اس سے نوازشریف کو ڈرائی کلین کرکے نکالا جائے گا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ پہلے دن سےجانتے تھے کہ 2 نومبر کو دھرنا نہیں ہوگا کیونکہ آل شریف کو کلین چٹ دینے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری کے اس بیان سے خصوصا تحریک انصاف اور حکومت کے مابین پس پردہ مذاکرات کے انکشاف کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا حکومت سے پس پردہ نہ کبھی رابطہ تھا، نہ ہے اور نہ ہی مستقبل میں کبھی ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے احتساب اور استعفیٰ کے لئے تحریک انصاف متحرک ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پانامہ لیکس پر ہماری ہی کوششوں کی وجہ سے وزیر اعظم کی تلاشی شروع ہوچکی ہے۔

جبکہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ اب پاناما لیکس کی موت ہو گئی ہے کیونکہ تحریک انصاف نے پاناما لیکس پر میچ فکس کردیا ہے اور نواز شریف کو کلین چٹ دی جائے گی۔

وہ لندن میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری