ایران کو امریکہ کی ماضی کی پالیسیوں کا تلخ تجربہ ہے/ اہم معیار، نئی حکومت کی کارکردگی


ایران کو امریکہ کی ماضی کی پالیسیوں کا تلخ تجربہ ہے/ اہم معیار، نئی حکومت کی کارکردگی

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومتوں اور عوام کو ماضی کی امریکی حکومتوں کے رویے اور سیاست کا بڑا ناخشگوار اور تلخ تجربہ ہے۔ جو چیز ہمارے لئے قابل اعتنا اور معیار ہے وہ امریکی حکومت کی مستقبل کی کارکردگی اور انتظامی پالیسیاں ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے امریکہ کے صدارتی انتخابات کے نتائج کے اعلان پر رد عمل کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومتوں اور عوام کو ماضی کی امریکی حکومتوں کے رویے اور سیاست کا گزشتہ دہائیوں کے دوران ایک بڑا تلخ تجربہ رہا ہے جو اب بھی جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو چیز ایران اور اس کی عوام کے لئے اہم ہے، وہ امریکہ کی آئندہ حکومت کی انتظامی پالیسیاں اور کارکردگی ہے جو کہ انتخابی مہم کے دوران ان کی انتخابی تبلیغات اور بیانات سے زیادہ اہم ہو سکتی ہے۔

قاسمی نے امریکہ کی گزشتہ حکومتوں کی پالیسیوں اور علاقائی ممالک کے امور میں مداخلت کو تشدد، انتہا پسندی، اور مسلمانوں کے جذبات میں اضافے کی بنیادی وجہ قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطی، خلیج فارس، خلیج عدن اور بحر قلزم کے اسٹریٹجک خطے میں عدم استحکام کے موجودہ حالات، تشدد اور انتہا پسندی کے خطرات، پست و خطرناک نظریات اور داعش کی طرح کے دہشت گرد گروہوں کا پھیلاؤ، جن کے ساتھ نمٹنے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران صف اول میں ہے، یہ سارے امریکہ کو اپنی علاقائی پالیسیوں پر سنجیدگی سے نظر ثانی اور جائزہ لینے کا تقاضا کر رہے ہیں۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری