پاکستان قونصلیٹ مشہد میں یوم اقبال منایا گیا


پاکستان قونصلیٹ مشہد میں یوم اقبال منایا گیا

شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایران کے شہر مشہد میں پاکستان قونصلیٹ کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، ڈاکٹر علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے عظیم مفکر، شاعر، قانون دان، اور صاحب بصیرت سیاسی رہنما تھے۔

تحریک پاکستان کا بیج انہوں نے اپنے افکار سے بویا اور اپنی فلسفانہ شاعری سے اس کی آبیاری کی۔

ڈاکٹر علامہ محمد اقبال جیسی عظیم شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایران کے شہر مشہد میں پاکستان قونصلیٹ کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کا آغاز مہدی مہر مشہدی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔

تلاوت کلام پاک کے بعد پاکستان کے قونصلیٹ میں گونجتے ایران اور پاکستان کے قومی ترانوں نے مشہد کی خنک فضا کو ایک بار پھر پاک ایران لازوال دوستی کا گواہ بنا ڈالا۔

اس کے بعد حجت الاسلام والمسلمین ملکوتی تبار، محمد یوسف فراھت، سید سعید سرابی اور مہمان خصوصی جناب ارباب خالص نے نہایت احسن اور خوبصورت انداز میں علامہ اقبال کے فلسفے اور افکار پر روشنی ڈالی۔

جناب قمر علی لون اور سید محمد موسوی نے اپنے مخصوص انداز میں علامہ اقبال کی لہو گرما دینے والی نظمیں پڑھ کے ایک سماں باندھ دیا۔

تقریب کے میزبان قونصل جنرل یاور عباس نے اپنی تقریر میں علامہ اقبال کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور شرکا کے تقریب میں شرکت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران اور پاکستان دو ہمسایہ، دوست اور برادر ملک ہیں جو گہرے سیاسی، مذہبی، تاریخی، ثقافتی اور لسانی روابط رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نہ صرف پاکستان کے قومی شاعر تھے بلکہ ان کی شاعری سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کا فلسفہ ایک ملک، خطہ، مذہب، نسل یا عقیدے کے لئے نہیں تھا۔ اقبال ایرانیوں کے دل میں جگہ رکھتے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی فکر کو ایرنیوں تک پہنچانے کے لئے فارسی زبان میں شاعری سے استفادہ کیا۔

انہوں نے اپنے تمام معزز مہمانوں بشمول ڈاکٹر سید سعید سرابی صوبہ خراسان رضوی کے وزارت ثقافت و اطلاع رسانی کے سربراہ، جناب آقای ارباب خالص وزارت خارجہ کے شمال مشرق کے سربراہ، حجت الاسلام والمسلمین جناب آقای ملکوتی تبار ثقافت اور اسلامی روابط کی تنظیم کے سربراہ، جناب آقای زارع صفت ثقافتی ورثہ، ہینڈی کرافٹ اور سیاحت کی تنظیم کے سربراہ، جناب آقای محمت دوغان ترک قونصل جنرل، جناب آقای سردار ممد گاراجایوف ترکمنستان قونصل جنرل، جناب آقای محمد یوسف فراھت افغان ثقافتی قونصل جنرل، جناب آقای علی پور اور دیگر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

قونصل جنرل پاکستان نے جناب ڈاکٹر نوعی، علامہ اقبال لاہوری انسٹیٹیوٹ کے سربراہ کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے شاعر مشرق کے مجسمے کو پاکستانی قونصلیٹ کو تحفے کے طور پر دیا جس کی آج رونمائی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ تحفہ دونوں ممالک کے درمیان محبت کی نشانی ہے جبکہ دونوں ممالک کے عوام ثقافتی لحاظ سے آپس میں بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اس دوستی کے قائم رہنے اور اس محبت میں اضافے کی امید ظاہر کی۔

آخر میں علامہ محمد اقبال کے مجسمے کی تقریب رونمائی ہوئی اور اس موقع پر قونصل جنرل یاور عباس نے معزز شرکا کی خدمت میں علامہ اقبال کی کتب تحفتا پیش کیں۔

اس طرح علامہ اقبال کی جائے پیدائش اور آرامگاہ سے سینکڑوں میل دور ان کی یاد میں منعقد کی گئی ایک خوبصورت اور پروقار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری