ہیلری کی نئے صدر ٹرمپ کو مبارکباد/ حامیوں کے مظاہرے، انتخابی نتائج مسترد


ہیلری کی نئے صدر ٹرمپ کو مبارکباد/ حامیوں کے مظاہرے، انتخابی نتائج مسترد

ہیلری کلنٹن نے اپنے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو آنکھوں میں آنسو اور لبوں پر مسکان کے ساتھ مبارکباد دی تاہم ڈیموکریٹک کے حامیوں نے زبردست مظاہرے کئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، ہیلری نے تو اعلیٰ ظرفی دکھاتے ہوئے اپنی شکست تسلیم کر لی لیکن ان کے ووٹروں نے انتخابات کے غیر متوقع نتائج مسترد کر دئیے ہیں۔

ہیلری کی امریکی انتخابات میں شکست کی خبر ان کے ووٹروں پر بجلی بن کر گری۔ ٹرمپ کے صدر بننے پر ہیلری کے حامی زار و قطار روتے ہوئے دکھائی دئیے۔

گریہ کے بعد ان کے غم کی جگہ غصے نے لے لی اور وہ نو منتخب صدر کے خلاف بھرپور احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔

کیلیفورنیا میں ہائی اسکول اور کالجوں کے طلبہ نے کلاسوں سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا اور اسکول کے باہر جا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

ہیلری کلنٹن کے حامیوں نے  ایک گاڑی اور کئی مقامات پر ٹائر نذر آتش کئے اور نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹرمپ کو اپنا صدر نہیں مانتے۔

دوسری جانب ان تمام مظاہروں اور احتجاج کے باوجود آج امریکی صدر براک اوبامہ وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ کا استقبال کریں گے اور انہیں صدر کی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے کے ساتھ اپنی تجاویز بھی دیں گے۔

واضح رہے کہ صدر اوبامہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ٹرمپ کو اقتدار کی منتقلی پرامن طریقے سے کی جائے گی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری