افغانستان میں جرمن قونصل خانے پر خودکش حملہ، 2 ہلاک متعدد زخمی/ تصاویر


افغانستان میں جرمن قونصل خانے پر خودکش حملہ، 2 ہلاک متعدد زخمی/ تصاویر

افغانستان کے شہر مزار شریف میں جرمنی کے قونصل خانے پر خودکش حملے میں 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی جرمن قونصل خانے کی دیوار سے ٹکرا دی جس سے زوردار دھماکہ ہوا۔

افغان سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے قبل فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں اور اس خودکش حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب نیٹو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حملے سے قونصل خانے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

نیٹو ترجمان نے انکشاف کیا کہ جائے واردات پر نیٹو کے دستے موجود ہیں جن کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب طالبان نے جرمنی کے قونصل خانے پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

انہوں نے قونصل خانے پر حملہ قندوز میں نیٹو کے فضائی حملے میں عام شہریوں کی ہلاکت کا ردعمل ہے قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ پچھلے ہفتے افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں نیٹو طیاروں کے حملے میں بچوں اور عورتوں سمیت 50 افراد جاں بحق جبکہ 100 کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔

نیٹو حکام نے قندوز پر نیٹو فضائی حملے کوتسلیم کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ قندوز میں حملہ افغان فورسز کے دفاع میں کیا گیا تھا جبکہ فضائی حملے میں شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات کی جائیں گی۔

اس زمرے میں افغانستان کے حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ حملہ اس وقت کیا گیا جب طالبان شوریٰ کا اجلاس جاری تھا۔

واضح رہے کہ غیرملکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ نیٹو کے اس حملے میں مرنے والے تمام افراد عام شہری ہیں جن میں عورتوں اور 3 ماہ کے شیرخوار سمیت متعدد بچے بھی شامل تھے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری