غداری کا الزام؛ داعش نے 60 شہری قتل کر کے لاشیں کھمبوں سے لٹکا دیں


غداری کا الزام؛ داعش نے 60 شہری قتل کر کے لاشیں کھمبوں سے لٹکا دیں

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے شہر موصل میں دہشتگرد تنظیم داعش نے مخبری کا الزام لگا کر 60 شہریوں کو قتل کر کے ان کی لاشیں کھمبوں سے لٹکا دیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ عراق کے شمالی شہر موصل میں شدت پسند تنظیم داعش نے 60 عام شہریوں کو غداری اور مخبری کے الزام میں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

قتل کے بعد ان کی لاشوں کو مختلف علاقوں میں بجلی کے کھمبوں پر لٹکا دیا گیا۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق، ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ ان افراد کو خود ساختہ عدالتوں کے حکم پر مارا گیا ہے۔

عراقی سیکیورٹی فورسز کا ساتھ دینے کے الزام میں جن 60 شہریوں کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا انہیں نارنجی کپڑے پہنائے گئے تھے جس پر یہ الفاظ درج تھے، غدار اور آئی ایس ایف کے جاسوس۔

اس کے علاوہ ایک شخص کو موبائل فون استعمال پر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

واضح رہے کہ داعش نے علاقے میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ داعش کی جانب سے سفاکیت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی 100 شہریوں کو عراقی سکیورٹی فورسز کا ساتھ دینے کے الزام میں سر قلم کر کے ایک اجتماعی قبر میں دفن کر دیا گیا تھا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری