پاک ایران کی سلامتی ایک دوسرے سے وابستہ/ ایران کو ہرگز نظر انداز نہیں کرنا چاہئے


پاک ایران کی سلامتی ایک دوسرے سے وابستہ/ ایران کو ہرگز نظر انداز نہیں کرنا چاہئے

نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ، سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم اور انجمن طلباء اسلام کے بانی نے تاکید کی ہے کہ ایران ہمارا پڑوسی اسلامی ملک ہے، جہاں جہاں فرقہ وارانہ کشیدگی ہے، وہاں امن کے قیام کے لئے ایران کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا لہٰذا قیام امن کیلئے ایران کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔

نمائندہ تسنیم نیوز نے نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ، سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم اور انجمن طلباء اسلام کے بانی حاجی محمد حنیف طیب سے مختصر لیکن جامع مکالمہ ترتیب دیا ہے جو قارئین کے پیش خدمت ہے۔

تسنیم نیوز: ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر کیا مسلم حکمراں کسی خوشی فہمی کا شکار ہیں؟

حاجی محمد حنیف طیب: امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی اور ہیلری کلنٹن کی شکست کے حوالے سے مسلمانوں بالخصوص پاکستانیوں کو کسی خوش فہمی میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں اس لئے کہ امریکہ میں کوئی بھی جیت جائے وہ اس ملک کی پالیسیوں ہی کو آگے بڑھاتاہے۔

تسنیم نیوز: اس کی کیا خاص وجہ ہے؟

حاجی محمد حنیف طیب: ہم نے چند سالوں میں دیکھا کہ پورے عالم اسلام بالخصوص افغانستان، عراق، شام، فلسطین، لیبیا، کشمیر اور متعدد ملکوں میں جوتباہی پھیلی ہوئی ہے اُس میں امریکی پالیسیوں کاہی دخل ہے۔

تسنیم نیوز: مسلم ممالک میں پالیسی میں تبدیلی کا کوئی راستہ ہے؟

حاجی محمد حنیف طیب: اس پالیسی میں تبدیلی کا ایک ہی راستہ ہے کہ مسلمان ممالک آپس میں متحد ہونے کا ثبوت دیں مگر افسوس کی بات ہے کہ مسلمان ممالک ہمہ وقت ایک دوسرے کے خلاف حملہ کرنے میں مصروف ہوتے ہے۔

تسنیم نیوز: امریکہ میں مقیم مسلمان اس صورتحال میں کیا کرے؟

حاجی محمد حنیف طیب: نومنتخب امریکی صدرامریکہ میں مقیم مسلمانوں کے بارے میں باربار جن زہریلے خیالات کا اظہارکرچکے ہیں وہ دنیا سے چھپی ہوئی نہیں ہیں اس لئے عالم اسلام کواُن سے کسی خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہئے اور اپنے ملک وقوم کی بقاء کیلئے خود پالیسی بنانی چاہیے۔

تسنیم نیوز: مسلم حکمران اس صورتحال میں کیا کرسکتے ہیں؟

حاجی محمد حنیف طیب: مسلمان حکمرانوں سے اپیل ہے کہ امریکی سازشوں کا شکار ہوکر آپس میں ایک دوسرے کاخون بہانے کے بجائے متحد ہوکر مسلمانان عالم کی بقاء کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کریں اور مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے اپنا کرداراداکریں۔

تسنیم نیوز: پاکستان اپنے پڑوسی ممالک کے حوالے سے کیا کردار کرسکتا ہے؟

حاجی محمد حنیف طیب: پاکستان جس قدرمضبوط ہوگا اپنے وسائل پرانحصارکرنے کی عادت ڈالے گا اور کشکول گدائی لے کر عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے جھولی نہیں پھیلائے گا تو پاکستان کا ایک وقار ہوگا اور اُس صورت میں امریکہ، برطانیہ اور بھارت کو اپنے رویے میں تبدیلی پرمجبورکیا جاسکے گا۔

تسنیم نیوز : ایران کے حوالے سے پاکستان کے تعلقات پر کیا فرمائیں گے؟

حاجی محمد حنیف طیب: ایران ہمارا پڑوسی اسلامی ملک ہے، جہاں جہاں فرقہ وارانہ کشیدگی ہے، وہاں امن کے قیام کے لئے ایران کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، قیام امن کیلئے ایران کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔

اہم ترین انٹرویو خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری