گوادر سے برآمدات کا باقاعدہ آغاز/ خصوصی تقریب میں وزیر اعظم اور آرمی چیف شریک ہوں گے


گوادر سے برآمدات کا باقاعدہ آغاز/ خصوصی تقریب میں وزیر اعظم اور آرمی چیف شریک ہوں گے

اقتصادی راہداری کے ذریعے برآمدات کا باقاعدہ آغازہو گیا ہے جس کی خصوصی تقریب میں وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف شرکت کریں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، وزیراعظم محمد نواز شریف آج گوادر کی بندرگاہ کے ذریعے برآمدات کا افتتاح کررہے ہیں۔

اس سلسلے میں گوادر میں ایک تقریب ہو رہی ہے جس میں بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری اور پاکستان میں تعینات مختلف ملکوں کے سفیر شرکت کریں گے۔

دوسری جانب، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعے چین کا پہلا تجارتی قافلہ گوادر پہنچا ہے۔ قافلہ خنجراب کے راستے پاکستان میں داخل ہوا۔

پاک فوج کے خصوصی سیکیورٹی کے دستوں نے تجارتی قافلے کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی ہے۔ مشرق وسطیٰ اور افریقی ملکوں کیلئے چینی مصنوعات لے کر چین کے دو بحری جہاز گوادر کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوئے ہیں۔

گوادر سے آج چینی تجارتی سامان پر مشتمل پہلے جہاز کو روانہ کیا جائے گا۔

آج دو جہاز روانہ ہوں گے جن میں سے ایک دبئی اور دوسرا کولمبو جائے گا۔ گوادر سے ہر ماہ چینی سامان مشرقِ وسطیٰ اور افریقی ممالک کو بھیجا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ 46 ارب ڈالر کی لاگت سے شروع ہونے والا وہ منصوبہ ہے جس سے پاکستان کے لئے معاشی ترقی کے نئے دروازے کھلنے کی امید کی جا رہی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری