زائرین اربعین کو نشانہ بنانے کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا


زائرین اربعین کو نشانہ بنانے کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا

عراقی سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے درندہ صفت داعش کے ایک خطرناک منصوبے کو خاک میں ملا دیا ہے جس کے تحت یہ گروہ اربعین مارچ میں شرکت کرنے والے زائرین کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتا تھا۔

تسنیم خبررساں ادارے نے المسلمہ سے نقل کیا ہے کہ عراقی فوج داعش کا ایک خطرناک منصوبہ ناکام بنانے میں کامیاب ہوگئی ہے، تکفیری انسان دشمن ٹولہ داعش نے زائرین امام حسین علیہ السلام کو نشانہ بنانے کے لئے ایک خطرناک منصوبہ تیار کیا تھا جسے ناکام بنادیا گیا ہے۔

بغداد کے ایک پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ عراقی خفیہ ایجنسی کی بروقت اور صحیح اطلاع پر کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں ایک خطرناک منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عراقی سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع موصول ہونے پر بغداد کے علاقے التاجی اور المشاہدہ میں سرچ آپریشن کرکے دہشت گردوں کے قبضے سے کئی خود کش جیکٹس، دھماکہ خیز مواد اور مختلف قسم کے خطرناک اسلحوں سمیت سائلنسر لگے اسلحے کو ضبط کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عراقی پولیس نے بغداد سے کربلا جانے والے راستوں سے کئی دھماکہ خیز مواد کی نشاندہی کرکے انہیں ناکارہ بنا دیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقع پر پاکستان اور ایران سمیت دنیا بھر سے 40 ملین عاشقان اہل بیت عصمت و طہارت علیہم السلام نجف سے کربلا کی طرف پیدل مارچ کریں گے۔

عراقی حکومت نے زائرین کی سکیورٹی کے لئے 30 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کر دئے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری