آج دنیا بھر میں ذیابیطس کا عالمی دن منایا جا رہا ہے


آج دنیا بھر میں ذیابیطس کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

ذیابیطس کا عالمی دن منانے کا مقصد عوام میں اس بیماری اور اس سے بچاؤ کے لئے حفاظتی تدابیر سے متعلق شعور بیدار کرنا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، ذیابیطیس ایک مہلک مرض ہے جو دنیا میں تشویشناک حد تک تیزی سے پھیل رہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق، دنیا بھر میں تقریباً 42 کروڑ 20 لاکھ افراد اس مرض میں مبتلا ہیں جبکہ 1980 میں یہ تعداد 10 کروڑ 80 لاکھ تھی۔

واضح رہے کہ ذیابیطس سے مرنے والے 80 فیصد افراد کا تعلق غریب اور درمیانے طبقہ سے ہے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ اگر مناسب اقدامات نہ کئے گئے تو 2030 تک ذیابیطس دنیا کی ساتویں بڑی جان لیوا بیماری بن جائے گی۔

ماہرین کے مطابق، ذیابیطس کے اسباب میں موٹاپا، تمباکو نوشی اور ورزش نہ کرنا اہم وجوہات ہیں جبکہ چند احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے اس مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

علاوہ ازیں یہ مرض لاحق ہونے کے باوجود بھی معمول کے مطابق زندگی گزاری جا سکتی ہے۔

اس دن کی مناسبت سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں سیمینار، کانفرنسیں اور ریلیوں کے انعقاد کے علاوہ اہم شاہراہوں، پارکوں میں بینرز اور پوسٹر آویزاں کئے جاتے ہیں۔

ذیابیطس کے مرض میں اضافے کو دیکھتے ہوئے انٹرنیشنل ذیابیطس فیڈریشن اور عالمی ادارہ صحت نے 1991 میں اس دن کو منانے کا فیصلہ کیا تاہم 2007 سے ذیابیطس کا عالمی دن 14 نومبر کو ہر سال باقاعدگی سے منایا جاتا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری