روسی وزارت دفاع: شام کے شہر حلب میں دہشت گردوں نے کیمیائی ہتھیار استعمال کرنا شروع کردیا ہے


روسی وزارت دفاع: شام کے شہر حلب میں دہشت گردوں نے کیمیائی ہتھیار استعمال کرنا شروع کردیا ہے

روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ مشرقی حلب میں داعشی دہشت گرد شامی فوج کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ درندہ صفت داعش نے اسی ہفتے شمالی عراق کے صوبے صلاح الدین میں بھی کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا۔

تسنیم خبررساں ادارے نے ایتارتاس  کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ، روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ مشرقی حلب میں داعشی دہشت گردوں نے بڑے پیمانے پر شامی فوج کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے جس کی وجہ سے کم سے کم 30 شامی فوجی کیمیائی ہتھیاروں کے زد میں آکر بری طرح مجروح ہوچکے ہیں۔

روسی وزیر دفاع کے مطابق، داعشی درندوں نے  اتوار کے روز کیمیائی ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں شامی فوجی جوان بری طرح مجروح ہوئے ہیں اور علاج معالجے کے لئے شام کے مختلف اسپتال منتقل کئے گئے ہیں۔

روسی وزارت خارجہ نے بین الاقوامی برادری اور کیمیائی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کی تنظیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تحقیقات کے لئے اپنا نمائندہ بھیجے تاکہ دہشت گردوں کے زیر استعمال کیمیائی ہتھیاروں کا معائنہ کرکے حقائق سامنے لائے جا سکے۔

یاد رہے کہ دہشت گردوں کے حامی ممالک شامی فوج کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا کئی بار الزام لگا چکے ہیں۔

درندہ صفت داعش نے گزشتہ دنوں شمالی عراق کے صوبے صلاح الدین کے کئی دیہاتوں پر کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا۔

صلاح الدین کے ذرائع ابلاغ نے السومریہ نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ تکفیری دہشت گرد داعش ٹولے نے کیمیائی مواد سے بھرے 15 گولے الشرقاط اور الخانوکه نامی گاؤں پر فائر کئے۔

صلاح الدین ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق، اس حملے میں 3 نہتے شہری شہید اور 2 شدید زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ داعش عراقی فوج کی پیش قدمی کو روکنے کے لئے مختلف قسم کے حربے استعمال کررہی ہے جیسے عورتوں کی توسط سے خودکش دھماکے، سڑک کے کنارے بم نصب کرنا اور کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال وغیرہ۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری