مراکش: پاکستان اور ایرا ن کا موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق


مراکش: پاکستان اور ایرا ن کا موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

ماحولیاتی تبدیلی کے وزیر نے اپنے ایرانی ہم منصب کو ماحولیاتی تغیر کے مسائل سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے کئے گئے بعض اہم پالیسی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم نے ریڈیو پاکستان کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پاکستان اور ایران نے ماحولیاتی تغیر کے مسائل پر دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے مراکش میں ماحولیاتی تغیر کے بارے میں اقوام متحدہ کے لائحہ عمل کنونشن کے فریق ملکوں کی بائیسویں کانفرنس کے موقع پر ماحولیاتی تبدیلی کے وزیر زاہد حامد اور ایرانی وزیر ماحولیات کے درمیان ملاقات میں طے پایا۔

زاہد حامد نے ایرانی وزیر کو ماحولیاتی تغیر کے مسائل سے نمٹنے کے لئے حکومت پاکستان کی طرف سے کئے گئے بعض اہم پالیسی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس سے پہلے زاہد حامد نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا اور مختلف تصاویر کے ذریعے ملک کی ثقافت، سیاحت اور پاکستان میں ماحولیاتی تغیر کے اثرات کو اجاگر کرنے کے حوالے سے وفد کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تغیر کے بارے میں اقوام متحدہ کے لائحہ عمل کنونشن کے فریق ملکوں کی کانفرنس پاکستان، پاکستانی ثقافت اور سیاحت پر ماحولیاتی تغیر کے اثرات سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لئے اہم موقع فراہم کرتی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری