نوجوانوں کو گمراہ کرنے کا الزام/ ذاکر نائیک کی تنظیم پر پابندی


نوجوانوں کو گمراہ کرنے کا الزام/ ذاکر نائیک کی تنظیم پر پابندی

بھارتی حکومت نے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے الزام میں ذاکر نائیک کی تنظیم "اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن" پر 5 سال کے لئے پابندی عائد کر دی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، بھارت میں نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے الزام میں ذاکر نائیک کی تنظیم "اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن" پر 5 سال کے لئے پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کے بعد انہیں کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق، کابینہ کی کمیٹی برائے سیکیورٹی نے ذاکر نائیک کی متنازع تقاریر کے بعد ان کی غیرسرکاری تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن پر 5 سال کی پابندی لگا دی ہے۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ پابندی کا فیصلہ سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسیز اور مہارشٹرا حکومت کی سفارشات پر کیا گیا ہے۔ سفارشات میں اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کو معاشرتی ہم آہنگی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا تھا۔

دھیان رہے کہ حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ کابینہ کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن سے وابستہ لوگوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔

خیال رہے کہ ذاکر نائیک پر پولیس کی جانب سے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے الزام پر پہلے ہی کئی مقدمات بنائے گئے ہیں جب کہ کابینہ کمیٹی برائے سیکیورٹی نے بھی ذاکر نائیک کی تقاریر کو بنیاد بنا کر ان کی تنظیم پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

رواں سال جولائی میں بنگلہ دیش میں بھی ذاکر نائیک کے ٹی وی چینل پر دہشت گردوں سے منسلک ہونے اور اسلام کی آڑ میں دہشت گردی کو فروغ دینے کے الزام میں پابندی عائد کردی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ذاکر نائیک کی اشتعال انگیز تقاریر سے متا ثر ہو کر ایک بنگلہ دیشی نوجوان لڑکے نے انتہائی حساس اور سفارتی علاقے میں واقع کیفے پر دیگر 6دہشت گردوں کے ہمراہ دہشت گردانہ  حملہ کیا تھا جس میں 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد غیر ملکیوں کی تھی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری