پاناما لیک کیس/

تحریک انصاف قوم کا مقدمہ جیتنے کے قریب پہنچ گئی ہے

خبر کا کوڈ: 1242829 خدمت: پاکستان
محمود الرشید

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قطری شہزادے کی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کراکر شریف خاندان جہاں زیادہ پھنس چکا ہے وہیں شکوک و شبہات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ یوں لگتا ہے کہ شریف خاندان کے وکلاء نے دانستہ طور پر نواز شریف کو پھنسایا ہے اور یقیناً اس کا فائدہ بیس کروڑ عوام کو ہوگا جبکہ تحریک انصاف قوم کا مقدمہ جیتنے کے قریب پہنچ گئی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ مشرف کے سامنے دھمال ڈالنے والے آج نواز شریف کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔

دانیال عزیز اور طلال چوھدری پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو جتنا بڑا جھوٹا اور کرپٹ ہے وہ حکمران خاندان کے اتنا ہی نزدیک ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پوری قوم فلم میں قطری شہزادے کی انٹری پر ہی پوری کہانی سمجھ گئی ہے لیکن جھوٹ اور چاپلوسی میں پی ایچ ڈی کرنے والے دانیال اور طلال شریف خاندان کا دفاع کر کے عوام کی تضحیک کر رہے ہیں۔

میاں محمود الرشید نے کہا کہ پانامہ کیس میں پہلے رائے ونڈ سے دبئی، جدہ اور لندن کی کہانی تھی اب کہانی میں قطر شامل ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم میں ہمیشہ ولن بعد میں انٹری دیتا ہے، شریف خاندان نے عجلت میں نئے کریکٹر کو شامل کر لیا ہے لیکن جتنا متنازع قطری شہزادہ حمد بن جاسم بن چکا ہے کوئی بعید نہیں وہ ایک عاد روز میں تردید جاری کر دے۔

ایک سوال کے جواب میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ حمد بن جاسم کے دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کراکر شریف خاندان جہاں زیادہ پھنس چکا ہے وہیں شکوک و شبہات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ یوں لگتا ہے کہ شریف خاندان کے وکلاء نے دانستہ طور پر نواز شریف کو پھنسایا ہے اور یقیناً اس کا فائدہ بیس کروڑ عوام کو ہوگا اور تحریک انصاف قوم کا مقدمہ جیتنے کے قریب پہنچ گئی ہے۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری